وزیراعظم نواز شریف 12 مئی کو چین کے 7 روزہ دورے پر روانہ ہوں گے
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم نواز شریف مئی کے دوسرے ہفتے میں چینی صدر شی جن پنگ کی دعوت پر چین کا 8؍ روزہ دورہ کریں گے جہاں وہ دیگر مصروفیات کے ساتھ ’’ون بیلٹ ون روڈ‘‘ کے بین الاقوامی فورم میں شرکت کریں گے۔
اس اجلاس میں دنیا بھر سے 20؍ سرکردہ رہنما شرکت کریں گے اور اسی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم نواز شریف کی برطانوی وزیراعظم تھریسا مے سے پہلی ملاقات ہوگی۔ اس طویل دورے کے دوران وزیراعظم نواز شریف پاک چین اقتصادی راہدا ر ی (سی پیک) کے حوالے سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
روزنامہ جنگ کے مطابق ’’ون بیلٹ ون روڈ‘‘ کے حوالے سے اقوام متحدہ سے توثیق ملنے کے بعد چین نے ترقی کے میدان میں اپنی رفتار تیز کر دی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف 12؍ مئی کو چینی دارالحکومت بیجنگ پہنچیں گے اور 18؍ مئی تک چین میں رہیں گے۔ وطن واپسی سے قبل وہ ہانگ کانگ بھی جائیں گے۔ ان کے وفد میں کاروباری اور نمایاں شخصیات شامل ہوں گی۔ توقع ہے کہ صوبائی وزرائے اعلیٰ اور وزیراعظم آزاد کشمیر کو بھی وزیراعظم کے وفد میں شمولیت کی دعوت دی جائے گی۔