قابل اعتراض مواد نشر کرنے پر پیمرا نے جیو نیوز کے پروگرام’جیو پاکستان‘ کو 5 دن کیلئے معطل کردیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)قابل اعتراض نشر کرنے پر پیمرا نے جیونیوز کے مارننگ شو ”جیو پاکستان“ پر پانچ دن کیلئے پابندی عائد کردی ہے۔تفصیلات کے مطابق پیمرا نے ٹوئٹر پر اپنے آفیشل پیج پر پریس ریلیز کی جس میں پروگرام پر پابندی عائد کرنے کے بارے بتایا گیا۔پیمرا کی طرف سے جاری کی جانیوالی پریس ریلیز میں لکھا گیا کہ پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی(پیمرا)نے جیو نیوز کے مارننگ شو’جیو پاکستان‘ میں غیر مناسب اور قابل اعتراض مناظر دکھانے پر،مذکورہ پروگرام کو پانچ روز کیلئے معطل اور چینل پر دس لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
’جیوپاکستان‘ پروگرام پر پابندی کا آغاز 3 اپریل 2017 ء صبح 9 بجے سے ہوگا جو کہ 7 اپریل 2017 ء رات 12 بجے تک برقرار رہے گی۔پیمرا کی طرف سے کیا جانیوال فیصلہ پیمرا آرڈیننس 2002 ء کے ترمیمی ایکٹ 2007 ء کی دفعات 27 اور29 کے تحت کیا گیا ہے۔
ٹروکالر کی نئی ایپلیکیشن متعارف، گوگل ڈو کیساتھ انضمام کا بھی اعلان
فیصلہ میں کہا گیا کہ 15 مارچ 2017 ء کو صبح 9 بجکر 36 منٹ پر’جیو پاکستان‘ میں قابل اعتراض مواد دکھا کر ٹی وی چینل نے الیکٹرانک میڈیا ضابطہ اخلاق 2015 ء کی متعدد دفعات کی خلاف ورزی کی ہے۔پیمرا کی طرف سے جاری کیے جانے والے حکمنامے میں نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کو تنبیہ کی گئی ہے کہ الیکٹرانک میڈیا ضابطہ اخلاق 2015 ء کی خلاف ورزی سے بچنے کیلئے ادارہ جاتی نگران کمیٹی کو فعال بنائے اور نشریات میں تاخیری نظام کو بھی نافذ کیا جائے۔
جیو نیوز کو مزید انتباہ کیا گیا ہے کہ پیمرا کے حکمنامے کی خلاف ورزی کی صورت میں پیمرا آرڈیننس 2002 ء کے ترمیمی ایکٹ 2007 ء کی دفعہ 30 کے تحت لائسنس معطلی کے عمل کا بھی آغاز کیا جائے گا۔
قابلِ اعتراض مناظر دکھانے پر جیو نیوز کا مارننگ شو "جیو پاکستان" پانچ روز کیلئے معطل، چینل پر دس لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد pic.twitter.com/sqMSmxO9C6
— Report PEMRA (@reportpemra) March 30, 2017