امریکہ نے ایک اور سیسنا طیارہ پاک آرمی کے حوالے کردیا

امریکہ نے ایک اور سیسنا طیارہ پاک آرمی کے حوالے کردیا
امریکہ نے ایک اور سیسنا طیارہ پاک آرمی کے حوالے کردیا

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکہ نے ایک اور سیسنا طیارہ پاک آرمی کے حوالے کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ دفاع کی جانب سے پاک فوج کو سیسنا طیارہ دیا گیا ہے۔ امریکہ کی جانب سے نومبر 2016 سے اب تک پاک آرمی کو 6 سیسنا طیارے دیے جا چکے ہیں، ان میں 2 سیسنا 208 کاروانز اور چار سیسنا 206 ایچ ایئر کرافٹ شامل ہیں۔

ان طیاروں کی مدد سے پاک فوج کی امدادی کارروائیاں کرنے کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا جبکہ دور دراز علاقوں میں طبی سہولتیں پہنچانے کی صلاحیت میں بھی تیزی آئے گی۔ سیسنا طیارے ہتھیاروں اور تھوڑی تعداد میں فوجیوں کی نقل و حرکت میں بھی معاون ثابت ہوں گے۔ پاک آرمی کی ایوی ایشن کمانڈ نے طیارہ دینے پر امریکی حکام کا شکریہ ادا کیا ہے۔

واضح رہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری پر کام شروع ہونے کے بعد امریکہ کا جھکاؤ بھارت کی طرف بڑھ گیا ہے  اور امریکہ نے پاکستان کو ایف 16 طیاروں کی فراہمی روک کر بھارت میں یہ طیارے بنانے کے پراجیکٹ پر کام شروع کر رکھا ہے۔ بھارت کی جانب سے  پوری کوشش کی گئی تھی کہ پاکستان کو کسی بھی قسم کی امریکی دفاعی امداد نہ مل سکے تاہم امریکہ کی جانب سے سیسنا طیارے  ملنا  پاکستان کی بہترین سفارتکاری کا نتیجہ ہے۔

مزید : قومی /اہم خبریں