پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد پھر بڑھ گئی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا۔
کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 119 مریض سامنے آئے ہیں جس کے بعدمریضوں کی مجموعی تعداد 1690 ہوگئی ہے۔ پاکستان میں پیر کے روز کورونا وائرس کی وجہ سے 4 افراد نے زندگی سے ہاتھ دھوئے ہیں جس کی وجہ سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 18 ہوگئی ہے۔ پاکستان میں 53 مریض کورونا وائرس سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔
کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ مثبت کیسز پنجاب میں ہیں جہاں مریضوں کی تعداد 618 ہے۔ سندھ میں مریضوں کی تعداد 535، خیبر پختونخوا میں 195، بلوچستان میں 152 ، گلگت بلتستان میں 128، اسلام آباد میں 51 اور آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے 6 مریض ہیں۔
وزیر اعظم کا قوم سے خطاب
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن نہیں کریں گے، اگر چین جیسے حالات ہوتے تو آج شہروں کو بند کردیتا ، کورونا سے لڑنے کے لیے ٹائیگر فورس بنا ئیں گے ،کورونا ریلیف فنڈ میں چند ہ دینے والوں سے کسی قسم کا سوال نہیں کیا جائے گا ،اگر لوگ یہ چندہ اپنے ٹیکس میں ڈکلیئر کریں گے تو ٹیکس میں بھی چھوٹ ملے گی ۔
وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کی رپورٹ
وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کی کورونا وائرس کی ٹیسٹ رپورٹ منفی آگئی ۔ان کا کہنا ہے کہ الحمداللہ میرے کورونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئی ہے ،میرے لیے دعائیں کرنے والوں کا شکریہ ۔سعید غنی نے کہا کہ کوشش کروں گا کہ آئندہ بھی اپنی ذمہ داریاں بھر پور طریقے سے ادا کروں۔
شیخ رشید کی پیشگوئی
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ پندرہ روز انتہائی اہم ہیں، اگر آئندہ 15 روز میں کورونا مزید نہیں پھیلا تو وبا دم توڑ جائے گی۔
کورونا کے خلاف جنگ، سروے میں مراد علی شاہ پہلے نمبر پر
روشن پاکستان کی جانب سے ٹیلیفون پر 26 سے 29 مارچ کے دوران سروے کیا گیا ہے ۔ سروے میں شریک 68 فیصد لوگوں نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی کارکردگی کو بہترین قرار دیا ہے۔ کارکردگی کے اعتبار سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان دوسرے نمبر پر رہے ہیں اور ان کی کارکردگی پر 57 فیصد لوگوں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔وزیر اعظم عمران خان کی کورونا وائرس کے خلاف لڑائی میں کارکردگی کو 52 فیصد جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی کارکردگی کو 46 فیصد لوگوں نے سراہا ہے۔ سروے میں شریک اکثر افراد نے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کی کارکردگی کے حوالے سے تبصرہ نہیں کیا۔
ذخیرہ اندوزوں کے خلاف فتویٰ
پاکستان علماء کونسل اور دارالافتاءپاکستان نے انسانی ضرورت کی اشیاء کی ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع کو حرام قرارد یتے ہوئے کہا ہے کہ تاجر حضرات فوری طور پر انسانی ضرورت کی روز مرہ کی اشیاء کو عوام الناس کو مہیا کریں ،حکومت ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لے اور ان کی اشیاء کو ضبط کر کے مستحقین میں تقسیم کر دے ۔