پاکستان میں کورونا وائرس بے قابو، مریض بڑھنے لگے، تعداد 1716 ہوگئی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) حکومتی اعدادوشمار کے مطابق صوبہ پنجاب کی صورتحال سب سے زیادہ کشیدہ ہے جہاں مریضوں کی تعداد 618 ہو چکی ہے۔ ملک بھر میں موذی مرض سے 21 افراد ہلاک ہو چکے جبکہ 11 کی حالت تشویشناک ہے۔
معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 21 ہو گئی۔ پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر سے 99 نئے مریض رپورٹ ہوئے۔ اب تک 1650 کے ٹیسٹ مثبت آئے جن میں 773 کی حالت میں بہتری آرہی ہے۔
مہلک وائرس نے ملک میں مزید سات جانیں لے لیں، پاکستان میں اموات کی تعداد اکیس جبکہ کیسز ایک ہزار 716 ہوگئے۔ پنجاب میں 618، سندھ 566، خیبر پختونخوا 195، بلوچستان 152، گلگت بلتستان 128، اسلام آباد 51 جبکہ آزاد کشمیر میں 6 افراد متاثر ہیں۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 119 نئے کیس سامنے آئے جبکہ 7 اموات ہوئیں۔ اس موذی مرض سے صحتیاب ہو کر 32 مریض گھروں کو جا چکے ہیں۔ مشیر وزیراعلیٰ سندھ مرتضیٰ وہاب نے اپنے ٹویٹ میں بتایا ہے کہ مزید 4 مریضوں کو کورونا وائرس سے چھٹکارا مل چکا ہے، اس کے بعد صوبے بھر میں صحتیاب ہونے مریضوں کی تعداد 18 ہو چکی ہے۔
انہوں نے ایک اور اچھی خبر دیتے ہوئے بتایا کہ سکھر میں موجود 23 زائرین صحتیاب ہو چکے ہیں۔ ان زائرین کے پہلے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے تھے لیکن آج ان کے ٹیسٹ منفی آئے۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اس سے سماجی دوری کی اہمیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ گھروں پر رہنے سے خود اور دوسروں کو بھی محفوظ رکھ سکتے ہیں۔
ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 6 ہو گئی ہے جبکہ 5 مریض صحت یاب ہو کر ڈسچارج ہوئے۔ڈی جی خان سے 207 زائرین، ملتان سے 80 زائرین، رائے ونڈ کورنٹین میں 27، فیصل آباد کورنٹین میں 4، لاہور میں 126، گجرات 62، گوجرانوالہ 11، جہلم 28، راولپنڈی 40، ملتان 2، فیصل آباد 9، منڈی بہاﺅالدین 4، ناروال 1، رحیم یار خان 2، وہاڑی 2، سرگودھا 2، اٹک 1، بہاولنگر 1، میانوالی 3، ننکانہ صاحب 13، خوشاب 1، بہاولپور 1، ڈی جی خان 5، حافظ آباد 5 اور قصور میں ایک مریض میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
ترجمان کے مطابق تمام کنفرم مریض آئسولیشن وارڈز میں داخل ہیں۔ ان مریضوں کو مکمل طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہے۔ عوام سے گزارش ہے کہ حفاظتی تدابیر اختیار کرکے خود کو محفوظ بنائیں۔ گزشتہ 14 روز میں متاثرہ ممالک سے آنے یا کنفرم مریضوں سے ملنے والے افراد گھر میں آئسولیشن اختیار کریں۔ متاثرہ ممالک سے آئے افراد میں آئسولیشن کے دوران علامات ظاہر ہوں تو 1033 پر رابطہ کریں۔ محکمہ صحت کی ریپڈ رسپانس ٹیمیں مشتبہ مریض کو ہسپتال منتقل کرکے ٹیسٹ کروائیں گی۔