پی ایس ایل فائیو کے ملتوی ہونے والے میچز ہونے چاہئیں یا نہیں اور ٹرافی کسے ملنی چاہئے؟ مصباح الحق نے قوم کے دل کی بات کہہ دی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی کوچنگ کرنے والے مصباح الحق نے پی ایس ایل کے ملتوی ہونے والے میچز کرانے کی حمایت کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مصباح الحق نے کہا ہے کہ پلے آف میچز ہوں تو زیادہ مزہ آئے گا، ٹرافی کا فیصلہ کئے بغیر درمیان میں ایونٹ نہیں چھوڑنا چاہیے، جب بھی ممکن ہوتو میرے خیال میں ان میچز کو کرایا جاسکتا ہے۔ تمام فرنچائزز اور پی سی بی نے سب سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے اس بات کا تعین کرنا ہے کہ پی ایس ایل کے میچز کے بارے میں کیا فیصلہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ایونٹ شروع ہونے سے پہلے کسی کے ذہن میں نہیں تھا کہ ایسے حالات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، بطور کوچ اور کرکٹر میری خواہش ہے کہ جس طرح پہلے میچز کو لوگ انجوائے کررہے تھے، اسی طرح باقی میچز بھی لوگوں کو دیکھنے کا موقع مل سکے، سنسنی خیزمیچز ہی پی ایس ایل کی خوبصورتی ہے۔