عمر اکمل نے فکسنگ الزام تسلیم کر لئے یا نہیں؟ حیران کن خبر آ گئی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) فکسنگ کیس میں ملوث پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل نے الزامات تسلیم کیے یا نہیں؟ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے چپ سادھ لی، بیٹسمین کی جانب سے جواب داخل کرنے کی آج آخری تاریخ ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے عمر اکمل کو اینٹی کرپشن کوڈ 2.4.4 کی دو بار خلاف ورزی کرنے پر 17 مارچ کو نوٹس آف چارج جاری کرتے ہوئے بکیز کے رابطے کی اطلاع نہ کرنے کے الزام پر فرد جرم عائد ہوئی تھی، جرم ثابت ہونے پرعمراکمل کو 6 ماہ سے تاحیات پابندی کا سامنا ہے، چارج شیٹ کا جواب دینے کی منگل (31 مارچ) آخری تاریخ ہے، قانون کے مطابق اپنی غلطی کو تسلیم کرنے پر انہیں کم سزا مل سکتی ہے جبکہ الزامات سے انکار پر ایک خصوصی ٹربیونل کیس کی سماعت کرتے ہوئے فیصلہ کرتا ہے۔
چند روز قبل میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ عمر اکمل اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے الزامات کو چیلنج نہ کرنے کا فیصلہ کیا کر لیا ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا ہے کہ وہ بکی کی جانب سے رابطہ کئے جانے پر قانون کے مطابق طریقہ کار اختیار کرتے ہوئے بورڈ کو اطلاع نہیں کرسکے، البتہ رابطے پر پی سی بی کے ترجمان نے اس کی تصدیق سے گریز کیا، انہوں نے کہا کہ فی الحال اتنی معلومات شیئر کرسکتے ہیں کہ عمر اکمل کو منگل تک چارج شیٹ کا جواب جمع کرانا ہے۔
واضح رہے کہ عمراکمل نے 2009ءمیں کیریئر کے آغاز سے اب تک کرکٹ سے زیادہ تنازعات میں شہرت حاصل کی ہے، حالیہ کیس سامنے آنے پر معطلی کی وجہ سے انہیں پی ایس ایل5 کا کوئی میچ کھیلنے کا موقع نہیں مل سکا، اب پابندی کی تلوار سر پر لٹک رہی ہے۔