دھول مٹی سے میک اپ،اور کوئی چیز چکھنے تک، کن چیزوں سے روزہ ٹوٹتا ہے؟ جانئے 

دھول مٹی سے میک اپ،اور کوئی چیز چکھنے تک، کن چیزوں سے روزہ ٹوٹتا ہے؟ جانئے 
دھول مٹی سے میک اپ،اور کوئی چیز چکھنے تک، کن چیزوں سے روزہ ٹوٹتا ہے؟ جانئے 

  

دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) کس چیز سے روزہ ٹوٹ سکتا ہے؟ دبئی کے اسلامک افیئرز ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے اس سوال کا جواب دے دیا گیا ہے۔ دی نیشنل نیوز ڈاٹ کام کے مطابق ڈیپارٹمنٹ کے مفتی اعظم حسین الاحظل کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ کوئی شخص کسی مجبوری کی وجہ سے روزہ توڑتا ہے تو اس پر فرض ہے کہ وہ آئندہ رمضان المبارک سے پہلے ایک روزہ رکھے یا اس کا فدیہ ادا کرے۔ 
مفتی اعظم کے مطابق روزہ توڑنے والی اشیاءکو دو کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلی کیٹیگری میں کھانا، پینا، ادویات یا وٹامن انجکشن لینا وغیرہ شامل ہیں جبکہ دوسری کیٹیگری میں جنسی تعلق، خودلذتی، قے آنا، کانوں، آنکھوں یا ناک میں کسی دوا کے قطرے ٹپکانا وغیرہ شامل ہیں۔کوئی بھی ایسی چیز جو پیٹ میں چلی جائے اس سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے۔
مفتی اعظم نے کہا کہ اگر کوئی شخص غلطی سے کوئی چیز کھا یا پی لے تو اس کا روزہ نہیں ٹوٹے گا۔ اگر کوئی شخص صرف کھانے کا ذائقہ چکھتا ہے اور اسے نگلے بغیر اچھی طرح کلی کر دیتا ہے تو اس کا روزہ بھی نہیں ٹوٹے گا۔ ایسے شخص کو چاہیے کہ کلی احتیاط سے کرے تاکہ پانی اس کے حلق سے نیچے نہ اترے۔ 
مفتی اعظم نے بتایا کہ سگریٹ نوشی اور چیونگم چبانے سے بھی روزہ ٹوٹ جاتا ہے۔ ایسی ادویات لینے سے بھی روزہ نہیں ٹوٹتا جو زندگی بچانے کے لیے ناگزیر ہوں۔ البتہ وٹامن انجکشنز اور دیگر ایسی غذائی اعتبار سے لی جانے والی ادویات سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے۔ اگر کسی شخص کو کوئی سنگین بیماری لاحق ہے تو اسے روزے سے چھوٹ حاصل ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ روزہ دار کو ٹوتھ پیسٹ کے ذریعے دانت صاف نہیں کرنے چاہئیں اور برش بھی استعمال کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔ تاہم اگر ٹوتھ پیسٹ حلق تک نہیں پہنچتا تو اس سے روزہ نہیں ٹوٹے گا۔ البتہ روزے کی حالت میں مسواک سے دانت صاف کرنا بہترین عمل ہے۔ گرد، دھول مٹی، پرفیوم اور دیگر اسی نوع کی چیزوں سے بھی روزہ نہیں ٹوٹتا۔ 
انہوں نے بتایا کہ روزے کی حالت میں پیراکی سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ اس سے ناک اور منہ کے راستے پانی حلق سے اترنے کا اندیشہ ہوتا ہے، جس سے روزہ ٹوٹ جائے گا۔ روزے کی حالت میں ازدواجی تعلق ممنوع ہے اور اس سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے۔ اس طریقے سے روزہ ٹوٹنے کی سزا مسلسل دو ماہ کے روزے رکھنا یا 60مستحقین کو کھانا کھلانا ہے۔خواتین کے لپ اسٹک لگانے یا جلد پر کسی بھی طرح کی کریم یا میک اپ لگانے سے روزہ نہیں ٹوٹتا۔ تاہم نیل پالش کے حوالے سے محتاط رہنے کی ضرورت ہے کیونکہ نیل پالش ہونے سے وضو نہیں ہوتا۔ نماز سے قبل آپ کو نیل پالش صاف کرنی ہو گی۔