امریکی دباؤ، ٹک ٹاک کے بانی کی دولت میں 13 ارب ڈالر کی کمی

امریکی دباؤ، ٹک ٹاک کے بانی کی دولت میں 13 ارب ڈالر کی کمی
امریکی دباؤ، ٹک ٹاک کے بانی کی دولت میں 13 ارب ڈالر کی کمی
سورس: plannthat

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

واشنگٹن  (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکہ میں  ٹک ٹاک کے زیر عتاب آنے کے بعد اس کی پیرنٹ کمپنی بائٹ ڈانس کے 39 سالہ  بانی  ژینگ ژی منگ کی دولت میں 13 ارب ڈالر کی کمی آئی ہے۔

ٹک ٹاک  کے  سی ای او شو چیو کی گزشتہ ہفتے امریکی کانگریس کے سامنے گواہی نے امریکی سیکورٹی خدشات کو دور کرنے کے لیے زیادہ کارگر ثابت نہیں ہوسکی۔ انہوں نے اپنی گواہی میں بتایا کہ بائٹ ڈانس کے بانی کمپنی کے تقریباً 20 فیصد کے مالک ہیں ۔ بلومبرگ بلینیئرز انڈیکس کے مطابق ٹک ٹاک کی مارکیٹ ویلیو 220 ارب ڈالر ہے اور شیئرز کے اعتبار سے اس کے بانی کے اثاثے تقریباً 42.3 ارب ڈالر بنتے ہیں جو ستمبر کے اندازوں سے 13 ارب ڈالر کم ہیں۔

دو سال پہلے ژانگ کی مالیت 60 ارب ڈالر سے زیادہ ہو سکتی تھی ، اس وقت سرمایہ کار ٹک ٹاک کی مالیت 400 ارب ڈالر بتا رہے تھے۔ بائٹ ڈانس نہ صرف بلند شرح سود اور مہنگائی سے متاثر ہوئی ہے بلکہ اسے دیگر مسائل کا بھی سامنا ہے جس کی وجہ سے کمپنی کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

خیال رہے کہ ٹک ٹاک کو امریکہ میں جاسوسی سمیت سیکیورٹی الزامات کا سامنا ہے جس کی وجہ سے اس کے سی ای او کی گزشتہ ہفتے امریکی کانگریس کے سامنے پیشی بھی ہوئی تھی۔ امریکہ کی مختلف ریاستوں نے سرکاری آلات میں ٹک ٹاک کے استعمال پر پابندی عائد کی ہے جب کہ بعض یورپی ممالک بھی اس قسم کے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔