ترکی کی منظوری سے فن لینڈ کو بڑی کامیابی مل گئی، روس کیلئے نئی پریشانی
برسلز (ڈیلی پاکستان آن لائن) نیٹو کے سربراہ جینز سٹولٹن برگ نے کہا ہے کہ فن لینڈ کی شمولیت کی آخری رکاوٹ بھی دور ہوگئی ہے اور یہ چند ہی دنوں میں باضابطہ طور پر نیٹو کا رکن بن جائے گا۔ انہوں نے فن لینڈ کے صدر کو شمولیت کی حتمی رکاوٹ کو دور کرنے پر مبارکباد دی۔
سٹولٹن برگ نے ٹوئٹر پر لکھا 'میں آنے والے دنوں میں نیٹو ہیڈکوارٹر میں فن لینڈ کا جھنڈا بلند کرنے کا منتظر ہوں۔ ایک ساتھ مل کر ہم زیادہ مضبوط اور محفوظ ہیں۔' مہینوں کی تاخیر کے بعد جمعرات کو ترکی کی پارلیمنٹ نے فن لینڈ کی درخواست کی توثیق کردی۔ ترکی ، فن لینڈ کی شمولیت کی منظوری دینے والا امریکی زیرقیادت فوجی اتحاد کا آخری رکن ہے۔
خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سٹولٹن برگ نے ایک علیحدہ بیان میں کہا کہ 'فن لینڈ کے پاس انتہائی قابل قوتیں، اعلیٰ صلاحیتیں اور مضبوط جمہوری ادارے ہیں۔ لہذا فن لینڈ ہمارے اتحاد میں بہت کچھ لائے گا۔"
نیٹو کے وزرائے خارجہ کا اجلاس اگلے ہفتے برسلز میں اتحاد کے ہیڈکوارٹر میں ہو رہا ہے، جس میں توقع کی جا رہی ہے کہ فن لینڈ کی رکنیت کو باقاعدہ شکل دی جائے گی۔ گزشتہ سال یوکرین پر روس کے حملے نے فن لینڈ اور اس کے ہمسایہ سویڈن کو دہائیوں کی غیر جانبداری کی پالیسی چھوڑ کر نیٹو کی حفاظتی چھتری میں شامل ہونے کی کوششیں کرنے پر مجبور کیا۔