پاور جنریشن یونٹس کوگیس کی فراہمی ،بجلی کی پیدواردس ہزا رمیگا واٹ بڑھ گئی

پاور جنریشن یونٹس کوگیس کی فراہمی ،بجلی کی پیدواردس ہزا رمیگا واٹ بڑھ گئی

  

لاہور(کامرس رپورٹر) پاور جنریشن یونٹوں کو گیس کی فراہمی بحال کئے جانے کے باعث بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہو گیا مجموعی پیداوار دس ہزار میگا واٹ سے بھی بڑھ گئی ۔ دوسری جانب ملک میں جاری گرمی کی شدید لہر کے باعث بجلی کی ڈیمانڈ میں بھی اضافہ ہو گیا ۔ ڈیمانڈ میں اضافہ کے باعث پیداوار میں اضافہ کے مطابق شارٹ فال میں کمی نہیں ہو سکی ۔ شارٹ فال میں صرف ایک ہزار میگا کی کمی ہوئی ۔ ملک میں گزشتہ روز بھی بڑے شہروں میں شیڈول کی اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی گئی جبکہ چھوٹے شہروں اور دیہی علاقوں میں بدترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رکھا گیا ۔ بڑے شہروں میں بارہ گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کی گئی ۔ شارٹ فال میں ایک ہزار میگا واٹ کی کمی کے باعث چھوٹے شہروں اور دیہی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں دو گھنٹے تک کی کمی کر دی گئی اور لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کرکے بیس سے بائیس گھنٹے تک کر دیا گیا ۔ چھوٹے شہروں میں لوگوں کی جانب سے لوڈ شیڈنگ کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا ۔ لیسکو سیمت دیگر ڈسکوز اپنے بدھ کے روز کئے اعلان کے مطابق لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بارہ گھنٹے سے کم کرکے نو گھنٹے پر لانے میں کامیاب نہیں ہوئے ۔ بڑے شہروں میں بارہ گھنٹے لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا ۔ لیسکو نے اعلان کیا تھا کہ صبح چھ بجے سے نو بجے تک دو گھنٹے بعد ایک گھٹنے اور شام چھ بجے سے رات بارہ بجے تک بھی دو گھنٹے کے بعد ایک گھٹنے کی لوڈ شیڈنگ کی جائے گی ۔ انرجی مینجمنٹ سیل کے مطابق گزشتہ روز بجلی کی مجموعی ڈیمانڈ 17810 میگا واٹ جبکہ پیداوار 10270 میگا واٹ رہی طلب و رسد میں 7540 میگا واٹ کا فرق رہا ۔ گیس کی فراہمی شروع ہونے پر سات ائی پی پیز نے پیداوار شروع کر دی ہے ۔ ان ائی پی پیز کو گیس کی فراہمی بدھ کی صبح سے شروع کی گئی تھی پلانٹ چالو ہونے کے بعد ان یونٹوں نے گزشتہ روز سے پیداوار شروع کر دی ہے ۔ سیف ، سفائر اور اورینٹ کو 119 ملین کیوبک فٹ گیس کی فراہمی شروع کی گئی ہے ان تینوں یونٹوں سے 650 میگا واٹ بجلی ملنا شروع ہو گئی ہے ۔ روش کو 85 ملین کیوبک فٹ گیس کی فراہمی شروع کی گئی ہے اس سے 464 میگا واٹ ، فوجی کبیر والا کو 19 ملین کیوبک فٹ گیس کی فراہمی شروع کی گئی ہے اس سے 103 میگا واٹ ، گدو کو 140 ملین کیوبک فٹ گیس کی فراہمی شروع کی گئی ہے اس سے 764میگا واٹ ، اینگرو کو 62 ملین کیوبک فٹ گیس کی فراہمی شروع کی گئی ہے اس سے 338 میگا واٹ بجلی کی فراہمی نیشنل گرڈ کو شروع ہو گئی ہے ۔

مزید :

صفحہ آخر -