نجم سیٹھی کا لاہور پریس کلب کیلئے 10 لاکھ روپے گرانٹ کا اعلان

نجم سیٹھی کا لاہور پریس کلب کیلئے 10 لاکھ روپے گرانٹ کا اعلان

لاہور ( این این آئی) نگرا ن وزیر اعلیٰ پنجا ب نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ شفاف اور پرامن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنا کر قومی ذمہ داری کو بطریق احسن نبھایا ہے‘ پنجاب میں انتخابات کی شفافیت کے بارے میں یورپی انسانی حقوق کمیشن اور دیگر غیر ملکی مبصرین نے بھی گواہی دی ہے اور انتخابات کے غیر جانبدارانہ اور پرامن ماحول میں منعقد کرانے کے حوالے سے کئے گئے ا نتظامات کو سراہا ہے‘میڈیا نے بھی انتخابی عمل کے دوران بھرپور تعاون کیا جس پر میڈیا کا شکر گزار ہوں‘نگران وزیراعلی کی حیثیت سے ایمانداری اور غیر جانبداری سے فرائض سر انجام دئےے ،اﷲتعالیٰ کا شکر ہے کہ دو ماہ کے دوران نگران پنجاب حکومت کا کوئی سکینڈل سامنے نہیں آیا-سرکاری فرائض آئین اور قانون کے دائرہ کار کے اندر رہتے ہوئے سرانجام دئےے‘ کوئی پالیسی فیصلے کئے نہ ہی کسی متنازعہ امور کو چھیڑا ،تمام تر توجہ انتخابات کے پرامن اور شفاف انعقاد پر ہی مرکوز رہی۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے لاہو رپریس کلب میں” گیسٹ آف آنر“ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔صوبائی سیکرٹری اطلاعات امجد حسین، لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری ، جنرل سیکرٹری شہباز میاں ،دیگر عہدیداران ، گورننگ باڈی کے ممبران اور صحافیوں کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر لاہور پریس کلب کے لئے 10لاکھ روپے کی گرانٹ کاا علان بھی کیا۔لاہور پریس کلب کی جانب سے وزیراعلی نجم سیٹھی کو لاہور پریس کلب کی تاحیات کونسل ممبر شپ دی گئی۔وزیراعلیٰ نجم سیٹھی نے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مجھے تقریب میں شرکت کر کے بے حد خوشی ہو رہی ہے ۔لاہور پریس کلب کے اس پروگرام میں مجھے بلا کر جو اعزاز بخشا گیا ہے، اس پر میں پریس کلب کے عہدیداران اور صحافی برادری کا مشکور ہوں۔ انہوںنے کہاکہ انتخابات کے دوران امن وامان برقرار رکھنا بڑا چیلنج تھا۔ہم نے اس چیلنج کو قبو ل کرتے ہوئے شہریو ںکو بلا خوف و خطر پرامن ماحول میں اپنے ووٹ کے حق کا استعمال کا موقع فراہم کیا۔ہم نے اپنی پوری توجہ انتخابات کے انعقاد پر مرکوز رکھی تاہم عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے بھی کچھ اقدامات کئے۔

مزید : صفحہ اول