سی این جی ایسوسی ایشن نے چار دن کیلئے سٹیشنز کھولنے کا اعلان کردیا

سی این جی ایسوسی ایشن نے چار دن کیلئے سٹیشنز کھولنے کا اعلان کردیا

اسلام آباد /لاہور ( این این آئی) آ ل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کی سپریم کونسل کے چیئرمین غیاث پراچہ نے پنجاب بھر میں شیڈول کے مطابق چار دن کیلئے سی این جی اسٹیشنز کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں غیاث پراچہ نے کہا کہ حکومت اور گیس کمپنی کے مابین معاملات کی وجہ سے سی این جی اسٹیشنز گیارہ دنوں سے بند پڑے ہیں جس کی وجہ سے سی این جی سیکٹر اور عوام بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ اب جب کہ زمزمہ اور قادر پور گیس فیلڈز پوری طرح بحال ہو چکی ہیں، گیس کی کوئی کمی نہیں اور مکمل پریشر دستیاب ہے اور وزیر موصوف نے بھی کہہ دیا ہے کہ انہوں نے سی این جی بندش کاحکم جاری نہیں کیا ۔ تو ہم نے پنجاب میں سی این جی اسٹیشنز شیڈول کے مطابق کھولنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ غیاث پراچہ نے بتایا کہ ایسوسی ایشن کے وفود نے لاہور میں سوئی ناردرن گیس کے ایم ڈی اور اسلام آباد میں نگران وزیر پٹرولیم اور سیکرٹری سے ملاقاتیں کیں۔ دونوں طرف سے ہمیں گیس بندش کے حکم نامے کا کوئی جواز پیش نہیں کیا گیا حتیٰ کہ وزارت نے تو حکم نامہ جاری کرنے سے لاعلمی کا اظہار کیا۔ اس لئے ہم نے شیڈول کے مطابق لاہور، ملتان، شیخو پورہ، ساہیوال، اوکاڑہ، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ ریجنز میں سی این جی اسٹیشنز کھول دیئے ہیں۔ غیاث پراچہ نے مطالبہ کیا کہ شارٹیج نہ ہونے کے باوجود لاکھوں صارفین کو سی این جی سے محروم رکھنے کی سازش کے کردار بے نقاب کئے جائیں اور نقصان کو پورا کیا جائے۔

مزید : صفحہ اول