پنجاب اسمبلی کے نومنتخب ارکان کا پرتپاک استقبال کرنیکی تیاریاں مکمل
لاہور (ناصرہ عتیق سے) پنجاب کے نو منتخب ارکان اسمبلی حلف لینے کے لئے کل جب پنجاب اسمبلی پہنچیں گے تو ان کا شاندار استقبال کیا جائے گا۔ ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی جائیں گی۔ اس حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ پنجاب اسمبلی کو رنگ و روغن سمیت اس کی تزئین و آرائش مکمل ہو چکی ہے۔ کیفے ٹیریا میں نیا فرنیچر بھی لگا دیا گیا ہے۔ انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے گزشتہ روز سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال نے اسمبلی سٹاف کے ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسمبلی اجلاس کے دوران سیکیورٹی کے بھی خصوصی انتظامات ہوں گے۔ افتتاحی اجلاس میں عارضی طور پر ارکان کو شناختی کارڈ جاری کئے جائیں گے۔ بعد ازاں مستقل کارڈ جاری ہوں گے، جن پر ارکان کی تصاویر بھی چسپاں ہوں گی۔ اراکین کی حلف برادری تقریب میں نامزد وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی شرکت کے قوی امکانات ہیں۔ وہ گزشتہ روز لندن میں تھے۔ جہاں وہ اپنے طبی معائنے کے لئے گئے ہوئے تھے۔ نو منتخب ارکان سے کل (یکم جون) سپیکر رانا محمد اقبال حلف لیں گے جبکہ رانا محمد اقبال کا اپنا حلف بھی ساتھ ہی ہوگا۔ ارکان سے حلف لینے کے لئے جو عبارت وہ پڑھیں گے۔ اراکین وہی عبارت دہرائیں گے۔ اس کے بعد رجسٹر پر دستخط ہوں گے۔ 2 جون کو سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب ہوگا۔ مسلم لیگ (ن) نے تاحال سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے نام فائنل نہیں کئے۔ غالب امکان یہ ہے کہ رانا محمد اقبال کو پھر سے سپیکر بنا دیا جائے گا۔ اس حوالے سے سپیکر کے قریبی ذرائع سے دریافت کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ سپیکر پارٹی فیصلے کے پابند ہیں۔ بہرحال پارٹی جو بھی فیصلہ کرے گی۔ انہیں قبول ہوگا اور وہ ہمیشہ کی طرح اپنے فرائض تندہی سے ادا کریں گے۔