میرے بس میں ہوتو بجلی کابحران ایک دن میں حل کردوں :شہبازشریف

میرے بس میں ہوتو بجلی کابحران ایک دن میں حل کردوں :شہبازشریف

  

لندن (مرزا نعیم الرحمن) مسلم لیگ ن کے رہنما میاں شہباشریف نے پارٹی کارکنوں اور پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر میرے بس میں ہوتو ایک دن میں بجلی بحران کو حل کردوں مگر ہم اپنی تمام تر توجہ معیشت اور بجلی کے بحران کو حل کرنے پر صرف کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے اپنے دور حکومت میں جو لوٹ مار کی اسی رقم سے انہوںنے اپنی انتخابی مہم چلائی مگر اس کے باوجود وہ ناکام ہوگئی۔ مسلم لیگ ن نے پاکستان کو اندھیروں سے نکال کر روشنیوں میں لانا ہے اس کے لئے ہم انقلابی اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم امداد نہیں تجارت کے خواہش مند ہیں ۔ اوورسیز پاکستانیوں کو ملک میں سرمایہ کاری کے لئے تمام سہولیات فراہم کرینگے اگر ان کے ساتھ کسی نے زیادتی کی تو نشان عبرت بنادیں گے۔ انہوںنے مزید کہا کہ اگلے انتخابات میں سمندر پارپاکستانی ضرور ووٹ ڈالیں گے۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے ایم پی سرور اور امجد ملک سے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل اور ان کے حل کے بارے میں ڈرافٹ تیار کرنے کا کہا ان کا مزید کہنا تھا کہ دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانے پاکستانیوں کے لئے کھول دیئے جائیں جہاں اوورسیز پاکستانی خود کو سفارتکار محسوس کریں۔ اس موقع پر امجد ملک نے کہا کہ برطانیہ میں پاکستان کا ویزہ حاصل کرنے کے لئے جیری فیڈکس کو کنٹریکٹ دیا گیا ہے جسے پاکستانی سفارتخانے سے کاٹ کر رکھاگیا ہے، پاکستان میں اوورسیز پاکستانیوں کی جائیداد محفوط نہیں اور اس معاملے پر وزارت خارجہ ڈیڈ ہے اس وزارت میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بھی نمائندگی دی جائے ۔ دوہری شہریت ہمارے لئے گالی بن گئی ہے جب کہ ہم پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی ہیں میاں شہبازشریف نے کہا کہ ہم ان سب تجاویزات پر عمل کرینگے۔ صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈرون حملوں کے بارے میں پاکستان کے قانون کے مطابق پالیسی بنائیں گے جب کہ آرٹیکل چھ کے بارے میں بھی قانون کے مطابق پالیسی ہوگی۔

مزید :

صفحہ اول -