وفاق میں تحریک انصاف کی حکومت ہوتی تو امریکہ ڈرون حملے کی جرات نہ کرتا: پرویز خٹک

وفاق میں تحریک انصاف کی حکومت ہوتی تو امریکہ ڈرون حملے کی جرات نہ کرتا: پرویز ...
وفاق میں تحریک انصاف کی حکومت ہوتی تو امریکہ ڈرون حملے کی جرات نہ کرتا: پرویز خٹک

  

پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) خیبر پختونخواہ اسمبلی کے نو منتخب وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ وفاق میں تحریک انصاف کی حکومتی ہوتی تو امریکہ ڈرون حملے کی جرات نہ کرتا، میاں نواز شریف سے مطالبہ ہے کہ ڈرون حملوں اور دہشت گردی کے خلاف واضح پالیسی لائی جائے۔ خیبر پختونخواہ اسمبلی میں اپنے پہلے خطاب میں پرویز خٹک نے وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر ایوان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہماری حکومت عوام کے مسئلے حل کرنے آئی ہے، کوشش کروں گا کہ معزز ارکان کے اعتماد پر پورا تروں اور اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلوں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ کے عوام نے تحریک انصاف پر اعتماد کیا ہے اور جس تبدیلی کے نام پر ووٹ دیا ہے وہ تبدلی آج سے شروع ہو گئی ہے۔ پرویز خٹک نے کہا کہ خیبر پختونخواہ کو ایک ایسا مثالی صوبہ بنائیں گے جہاں کرپشن کا مکمل خاتمہ اور انصاف کا بول بالا ہو گا اور آپ دیکھیں گے کہ تحریک انصاف کی حکومت اور ماضی کی حکومت میں زمین آسمان کا فرق ہو گا، ہماری حکومت صوبے میں روزگار فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے صوبے کو کئی مشکلات کا سامنا ہے، سب سے بڑا مسئلہ کرپشن اور امن و امان ہے تاہم تحریک انصاف کی حکومت صوبے میں تبدیلی لائے گی اور تمام مسائل کو حل کرنے کیلئے بھرپور کوشش کرے گی، عوام دیکھیں گے کہ یہ حکومت سوئی نہیں بلکہ جاگتی حکومت ہو گی جو عوام کے مسئلے ان کی دہلیز پر حل کرے گی۔ ہماری سب سے پہلی کوشش ہو گی کہ صوبے میں کرپشن کا نام و نشان مٹا دیں، کسی سے کوئی زیادتی یا استحصال نہ ہو، ایسا صوبہ بنائیں جہاں انصاف، امن، کاروبار، روزگار اور صحت و تعلیم کی سہولتیں ہوں، ہم حکومت میں تمام منصوبوں پر تیاری کر کے آئے ہیں، میری تقریر صرف باتیں نہیں بلکہ ان پر عملی جامہ پہنائیں گے اورثابت کریں گے کہ ہم صرف باتیں نہیں کرتے۔ پرویز خٹک نے کہا کہ اگر وفاق میں تحریک انصاف کی حکومت ہوتی تو امریکہ ڈرون حملے کی جرات نہ کرتا، وفاقی حکومت کی مرضی کے بغیر ڈرون حملے ختم نہیں کرا سکتے۔ پرویز خٹک نے میاں نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ ڈرون حملوں کے خلاف واضح پالیسی لائیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون حملوں کے خلاف وفاقی حکومت واضح پالیسی لائی تو مرکز کے ساتھ کھڑے ہوں گے اور اگر واضح پالیسی نہ لائی گئی تو وفاقی حکومت کی مخالفت کریں گے۔

مزید : پشاور /اہم خبریں