راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس پراجیکٹ ۔۔۔ جڑواں شہروں میں نئے دور کا آغا

راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس پراجیکٹ ۔۔۔ جڑواں شہروں میں نئے دور کا آغا
راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس پراجیکٹ ۔۔۔ جڑواں شہروں میں نئے دور کا آغا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ذرائع آمدورفت کی فراہمی حکومت وقت کی اولین ذمہ داری ہے۔ شاہراہیں اور ان پر دوڑتے ہوئے پہیے کے ذریعے ترقی کا تعین کیا جا سکتا ہے۔ زمانہ قدیم سے ہی حکمرانوں نے عوام اور سرکاری عمال کی آمدورفت کے لئے سڑکیں تعمیر کیں اور مروجہ دور کے بہترین ذرائع آمدورفت کی فراہمی پر بھرپور توجہ دی۔ پاکستان میں موٹر وے کی تعمیر محمدنوازشریف کا بحیثیت وزیراعظم تاریخی کارنامہ تھا۔ محمد نوازشریف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے خادم اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اہل لاہور کو سفر کے لئے 35کلومیٹر طویل جدیدترین میٹروبس سروس کا 10 ماہ کی قلیل مدت میں تحفہ دیا۔ گجومتہ سے شاہدرہ تک روزانہ لاکھوں افراد ایئرکنڈیشنڈ آرام دہ بس میں پرلطف سفر کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اہل ملتان کے لئے لاہور کی طرح میٹروبس سروس چلانے کا فیصلہ کیا۔ ناقدین کی بے جا تنقید کے باوجودملتان میٹروبس سروس کا منصوبہ تیزی سے تکمیل کے مراحل کی طرف گامزن ہے۔ لاہور میں اپنی نوعیت کامنفرد منصوبہ اورنج لائن میٹرو ٹرین محمد شہبازشریف کے ذہن رسا کی پیداوار ہے۔ خادم اعلیٰ نے راولپنڈی سے روزانہ اسلام آباد جانے والے لاکھوں شہریوں کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس سروس منصوبے کا آغاز کیا۔ دھرنوں اور دیگر رکاوٹوں کے باوجود 13ماہ کی ریکارڈ مدت میں راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس پراجیکٹ کی تکمیل بجائے خود ایک کارنامہ ہے۔


ملک بھر کے دوردراز علاقوں سے راولپنڈی کے راستے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد جانے والوں کی تعداد روزانہ ڈیڑھ لاکھ کے لگ بھگ ہے اور وفاقی دارالحکومت جانے والے راستوں کی مزید توسیع کی گنجائش نہ ہونے کے باعث راولپنڈی میں مری روڈ پر 8.6کلومیٹر میٹروبس کا اوورہیڈ ٹریک جبکہ اسلام آباد میں 13.9کلومیٹر گراؤنڈ ٹریک تعمیر کیا گیا۔ صدر راولپنڈی میں میٹروٹریک کے آغاز پر سٹیٹ آف دی آرٹ کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کی عمارت اور تین منزلہ پارکنگ پلازہ بھی تعمیر کیا گیا ہے۔ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے خصوصی مانیٹرنگ سسٹم اور ٹریک سے بس ہٹانے کے لئے ضروری مشینری بھی نصب کی جا چکی ہے۔ میٹرو کے ٹریک کے ساتھ دو فلائی اوور پیدل چلنے والوں کے لئے 14انڈرپاس اور سگنل فری وہیکلز انڈرپاس بھی تعمیر کئے جا چکے ہیں۔ راولپنڈی میں 10 اور اسلام آباد میں میٹروبس کے 14سٹیشنز پر ہر 2منٹ کے بعد بس میسر ہو گی۔ میٹرو بس کوریڈور پر بنائے ہوئے اوورہیڈز سٹاپ کے لئے سیڑھیاں‘ برقی زینے اور معذوروں کے لئے خصوصی لفٹ بھی نصب کی گئی ہے۔ جدید ترین بس سٹاپ پر ٹکٹنگ بوتھ ‘ پسنجر ٹرانسفر کی سہولت‘ پلیٹ فارم سکرین ڈورز‘ ٹرن سٹائل آٹومیٹک فیئر کلیکشن اور دیگر جدید سہولتیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔ تمام سٹیشنوں کے علاوہ بسوں کے اندر بھی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے گی۔ میٹروبس پراجیکٹ وزیراعظم محمد نوازشریف اور وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی طرف سے راولپنڈی اسلام آباد کے شہریوں کے لئے دلی محبت کا عکاس ہے۔

مزید :

کالم -