چینی کمپنی کا سندھ میں انٹر سٹی اور انٹر اسٹی بسیں چلانے میں دلچسپی کا اظہار

چینی کمپنی کا سندھ میں انٹر سٹی اور انٹر اسٹی بسیں چلانے میں دلچسپی کا اظہار

کراچی (اے پی پی) چیئرپرسن سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ ناہید میمن سے منگل کو چینی کمپنی یو ٹانگ بس اینڈ چائنا آپریٹرز کے 11 رکنی وفد نے ایس بی آئی آفس میں ملاقات کی اور کراچی سمیت سندھ میں انٹرسٹی بسوں اور انٹرا سٹی بسوں کو چلانے کے لئے سرمایہ کاری کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق چینی وفد کی قیادت کمپنی کے جنرل منیجر شی کن رو نے کی۔ چینی وفد نے بتایا کہ ان کی کمپنی سندھ کے مختلف شہروں اور کراچی میں مختلف روٹس پر بسیں چلانے کے لئے سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہے اور اس مقصد کے لئے کمپنی اپنا مینوفیکچرنگ پلانٹ بھی لگانا چاہتی ہے۔ چیئرپرسن ایس بی آئی ناہید میمن نے چینی سرمایہ کاری کی پیشکش کو سراہتے ہوئے کہا کہ سندھ میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری کی بہت وسیع گنجائش موجود ہے اور اس سلسلے میں سندھ حکومت بی آر ٹی منصوبوں اور پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے منصوبوں کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے چینی وفد سے کہا کہ وہ اپنے منصوبے کی ترجیحات کے ساتھ مکمل تجاویز کا منصوبہ سندھ حکومت کو پیش کریں تاکہ اس سلسلے میں کام کو تیزی سے آگے بڑھایا جا سکے۔

مزید : کامرس