فلپائنی فورسز اور عسکریت پسندوں کے مابین لڑائی، 105 افراد ہلاک

فلپائنی فورسز اور عسکریت پسندوں کے مابین لڑائی، 105 افراد ہلاک

منیلا(این این آئی) جنوبی فلپائن کے شہر مراوی میں سرکاری فوج اورباغیوں کے درمیان لڑائی میں کم از کم ایک سو پانچ افراد مارے جا چکے ہیں، ہلاک ہونے والوں میں اکسٹھ باغی، بیس فوجی اور کم از کم چوبیس عام شہری شامل ہیں،مراوی شہر کی گلیوں میں لاشیں بکھری پڑی ہیں،ادھرفلپائن کی فوج نے کہا ہے کہ جنوبی شہر مراوی میں ماؤتے گروپ کے عسکریت پسندوں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔ عسکریت پسند اپنی جان بچانے کی فکر میں فرار کا راستہ تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق حکام نے بتایاکہ جنوبی فلپائن کے شہر مراوی میں سرکاری فوج اورباغیوں کے درمیان لڑائی میں کم از کم ایک سو پانچ افراد مارے جا چکے ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں اکسٹھ باغی، بیس فوجی اور کم از کم چوبیس عام شہری شامل ہیں۔فلپائن سول پروٹیکشن کے مطابق متاثرین کی تعداد اس سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔ اطلاعات کے مطابق مراوی شہر کی گلیوں میں لاشیں بکھری پڑی ہیں۔ باغیوں نے گزشتہ ہفتے کے آغاز پر مراوی شہر پر قبضے کے لیے حملہ کر دیا تھا۔ اندازوں کے مطابق مراوی کے نوaے فیصد رہائشی گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہو چکے ہیں،ادھرفلپائن کی فوج نے کہا کہ جنوبی شہر مراوی میں ماؤتے گروپ کے عسکریت پسندوں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔

اس بیان میں مزید کہا گیا کہ عسکریت پسند اپنی جان بچانے کی فکر میں فرار کا راستہ تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔ گزشتہ منگل سے عسکریت پسندوں نے اس شہر میں داخل ہو کر حکومتی اختیار کو چیلنج کر رکھا ہے۔ عسکریت پسندوں اور فوج کی لڑائی سے دو لاکھ کی آبادی کا شہر بنجر اور ویران ہو کر رہ گیا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق ابھی بھی کئی ہزار لوگ مراوی میں پھنسے ہوئے ہیں۔

مزید : عالمی منظر