سماجی مسائل سوچ کو مثبت انداز سے پروان نہیں چڑھنے دیتے،ذکیہ شاہنواز
لاہور(لیڈی رپورٹر) صوبائی وزیر بہبود آبادی بیگم ذکیہ شاہنواز نے کہا کہ بڑ ھتی ہوئی آبادی کے پس منظر میں بے شمار سماجی مسائل ہیں جو ہماری سوچ کو مثبت انداز سے پروان نہیں چڑھنے دیتے۔ تمام شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو محکمہ بہبود آبادی کے پیغامات کی پسماندہ علاقوں تک ترسیل میں معاونت کی ضرورت ہے۔
کیونکہ مقصد ایک صحت مند اور مفید شہریوں پر مشتمل معاشرے کا قیام ہے جو ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی میں بھر پور کردار ادا کر سکیں۔ بچوں کی کثرت پیدائش سے نہ صرف ماں کی جان کو خطرہ بلکہ ذہنی و جسمانی طور پر کمزور بچوں کے پیدا ہونے کا احتمال بھی ہوتا ہے ۔ محکمہ بہبود آبادی این جی اوز اور محکمہ صحت کے اشتراک سے بڑ ھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کے لئے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے اپنے دفتر میں ڈاکٹرز کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو ملکر بحیثیت شہری بڑھتی ہوئی آبادی کا موجب بننے والے سماجی مسائل کا خود خاتمہ کرنا ہے اور ماں اور بچے کی زندگی کو بچانا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ تعلیم کے ذریعے ہم آبادی کے ایشو کو با آسانی حل کر سکتے ہیں۔ کیونکہ بذریعہ تعلیم ہی سے ذہنی بالیدگی کا حصول ممکن ہے۔