ایشیائی خطے کیساتھ تعلقات بڑھانے کیلئے کوشاں ہیں، ممنون حسین
اسلام آباد (آن لائن) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ جنوب مشرقی ایشیائی خطے کے ساتھ تعلقات بڑھانے کے لئے کوشاں ہیں تاکہ آپس کی صلاحیتوں سے استعفادہ کیا جا سکے توقع ہے کہ تھائی لینڈ کے لئے نامزد سفیر دونوں ممالک کے تعلقات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کریں گے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کے روز ایوان صدر میں تھائی لینڈ کے لئے نامزد پاکستانی سفیر عاصم افتخار احمد سے ملاقات میں کیا ۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور تھائی لینڈ میں برادرانہ تعلقات قائم ہیں تاہم وقت کی ضرورت ہے کہ ان تعلقات کو تجارت ‘ دفاع ‘تعلیم سمیت دیگر شعبوں کی شکل میں وسعت اور تقویت دی جائے اور دونوں ممالک کے عوام باہمی روابط سے فیض یاب ہو سکیں ۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ نامزد پاکستانی سفیر نہ صرف دونوں ممالک کے تعلقات کے فروغ بلکہ تھائی لینڈ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ قریبی تعلقات قائم کرکے ان کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرین گے جبکہ پاکستان کو آسیان کی رکنیت دلانے کے لئے خطے کے ممالک کے ستاھ بھی قریبی روابط استوار کریں گے ۔