چیئر مین سینیٹ اسلامی فوجی اتحاد سے متعلق جواب نہ ملنے پر برہم ، وزیر دفاع اور مشیر خارجہ طلب

چیئر مین سینیٹ اسلامی فوجی اتحاد سے متعلق جواب نہ ملنے پر برہم ، وزیر دفاع ...

اسلام آباد(اے این این ) سعودی عرب کی سربراہی میں بننے والے اسلامی ممالک کی افواج کے اتحاد سے متعلق سینٹ میں توجہ مبذول کرانے کے نوٹس پر وزارت کی جانب سے جواب نہ آنے پر چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے برہمی کا اظہار کیا اور انہوں نے وزیر دفاع خواجہ آصف اور مشیر خارجہ سرتاج عزیر کو آج ایوان کے اجلاس میں طلب کرلیا۔ اس حوالے سے سیکرٹری دفاع اور سیکرٹری خارجہ کو نوٹسز جاری کردیئے گئے۔سینیٹ کااجلاس گزشتہ روز میاں رضاربانی کے زیرصدارت ہوا۔ چیئرمین سینیٹ نے اسلامی فوجی اتحاد سے متعلق توجہ مبذول کرانے کے نوٹس پر وزارت کی جانب سے جواب نہ آنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیوں نہ پارلیمینٹ کو بند کردیں؟۔ انہوں نے کہا کہ وزارت دفاع نے بتایا تھا کہ ہم نے معاملہ وزارت خارجہ کے پاس بھیج دیا ہے۔ انھوں نے استفسار کیا کہ کیا سعودی عرب سے معلومات پارلیمینٹ میں نہیں آسکتی؟ پارلیمینٹ کی کوئی اہمیت نہیں ہے، دونوں وزارتوں نے پارلیمینٹ کو پنگ پانگ بال بنا رکھا ہے۔ رضا ربانی نے کہا کہ اس معاملے کو ایزی نہیں لیا جاسکتا۔قبل ازیں پیپلز پارٹی کے سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ اسلامی افواج کے اتحاد کے بارے میں سعودی حکام کے بیانات پر کوئی حکومتی جواب سامنے نہیں آیا۔ انھوں نے زور دیا کہ اس معاملے پر بار بار حکومتی موقف جاننے کی کوشش کی گئی تاہم یہ کوششیں لاحاصل رہیں۔

چیئرمین سینیٹ

مزید : علاقائی