اینٹی وہیکل لفٹنگ سٹاف نے بھٹی کار چور گینگ کے سرغنہ سمیت 6ملزموں کو گرفتار کر لیا

اینٹی وہیکل لفٹنگ سٹاف نے بھٹی کار چور گینگ کے سرغنہ سمیت 6ملزموں کو گرفتار ...

لا ہو ر ( کرا ئم رپورٹر)اینٹی وہیکل لفٹنگ سٹاف ماڈل ٹاؤن نے گاڑیاں چوری کی وارداتوں میں ملوث بھٹی کار چورگینگ کے سرغنہ سمیت 3ملزموں کو گرفتار کر کے ان کی نشاندہی پر2کروڑ 29لاکھ روپے مالیت کی چوری شدہ33 گاڑیاں برآمدکی ہیں۔تفصیلات کے مطابق ایس پیCROعمران یعقوب نے ڈی ایس پی اینٹی وہیکلز لفٹنگ سٹاف ماڈل ٹاؤن سلیم مختار بٹ کی سربراہی میں سب انسپکٹر محمد عباس اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل پولیس ٹیم تشکیل دی جس نے گاڑیاں چوری کرنے کی وارداتوں میں ملوث بھٹی کارچور گینگ کے سرغنہ فرحان علی عرف بھٹی اور اس کے 2ساتھیوں رحمت علی عرف ٹھمن اور محمد اقبال عرف بالا کوگرفتار کر کے ان سے 2کروڑ29لاکھ روپے مالیت کی چوری شدہ 33گاڑیاں جن میں 11ٹیوٹا کرولا، ٹیوٹا جیپ، 5عدد ہنڈا کار، سوزوکی لیانہ، 7عدد سوزوکی مہران، ایک سوزوکی کلٹس، 2سوزوکی خیبر، 2عدد کیری ڈبہ ، 3آٹو رکشہ اور ماسٹر کیزبرآمد کر لی ہیں۔ ملزمان تجارتی مراکز پلازوں، گھروں اور پارکنگ اسٹینڈز کے باہر کھڑی گاڑیوں کو ماسٹر کیز کے ذریعے کھول کرفرار ہو جاتے اور براستہ موٹروے پشاور لے جا کر فروخت کر دیتے تھے۔ ملزمان ریکارڈ یافتہ ہیں اور اس سے قبل بھی کارچوری کے مقدمات میں کئی مرتبہ جیل جا چکے ہیں جو رہا ہوتے ہی دوبارہ وارداتیں شروع کر دیتے تھے۔ دوران تفتیش ملزموں نے تھانہ ماڈل ٹاؤن، گارڈن ٹاؤن، فیصل ٹاؤن، جوہر ٹاؤن، شادمان، اچھرہ، کوٹ لکھپت، قائد اعظم انڈسٹریل ایریا، نواب ٹاؤن، فیکٹری ایریا،مصطفی ٹاؤن، مغلپورہ، اقبال ٹاؤن، نصیر آباد،سول لائنز، ریس کورس، ڈیفنسA، ڈیفنسB اور جوہر ٹاؤن کے تھانوں کی حدود سے گاڑیاں چوری کی درجنوں مزیدوارداتوں کا بھی انکشاف کیا ہے۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن غلام مبشر میکن نے ملزموں کی گرفتاری اور بھاری مقدار میں برآمدگی پر پولیس ٹیم کیلئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد کا اعلا ن کیا ہے ۔

مزید : علاقائی