جعلی کریڈٹ کارڈز کامقدمہ،5ملزم جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے
لاہور(نامہ نگار)ضلع کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے جعلی کریڈٹ کارڈز کی تیاری اور استعمال کے مقدمہ میں ملوث 5ملزموں کا 31مئی تک جسمانی ریمانڈدے دیا ہے۔جوڈیشل مجسٹریٹ رضوان حنیف شیخ کے روبرو ایف آئی اے نے ملزموں نوید، افضل، فیصل، زبیر، خالد مرسلین کا جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر پیش کیا۔ ایف آئی اے کے تفتیشی افسر آشر آرون نے عدالت کو بتایا کہ ملزم شادباغ کے علاقہ میں جعلی کریڈ ٹ کارڈ بنا کر شہر کی مختلف مارکیٹوں میں چلانے کا مشورہ کر رہے تھے۔ملزموں کے قبضہ سے 30 پاسپورٹ بھی برآمد کئے گئے ہیں اور ملزم پاسپورٹ کے ذریعے جعلی کریڈٹ کارڈز کا استعمال کرتے تھے۔عدالت نے ملزموں کے جسمانی ریمانڈ میں 31مئی تک توسیع کرتے ہوئے ایف آئی اے کو مقدمہ کی تحقیقات مکمل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔