ہائیکورٹ نے تقسیم کار کمپنیوں سے اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا شیڈول مانگ لیا

ہائیکورٹ نے تقسیم کار کمپنیوں سے اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا شیڈول مانگ لیا

لاہور(نامہ نگارخصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے لوڈشیڈنگ کے خلاف درخواست پر تقسیم کار کمپنیوں سے اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی شیڈول مانگ لیا ہے ،اس موقع پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا قانون میں کوئی جواز نہیں ۔جسٹس شاہد کریم نے جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے اظہر صدیق کی درخواست پر سماعت کی جس میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کو چیلنج کیا گیا، سماعت کے دوران لیسکو چیف واجد کاظمی عدالت میں پیش ہوئے، عدالتی استفسار پر لیسکو چیف نے بتایا کہ رمضان میں اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کیا ہے، لاہور ہائیکورٹ نے افسوس کا اظہار کیا کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے صرف احتجاج نہیں ہورہے بلکہ لوگ مر رہے ہیں،جسٹس شاہد کریم نے قرار دیا کہ اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے متعلق تفصیلات سے عوام کو آگاہ کیاجانا ضروری ہے ۔ ہائیکورٹ نے اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی تفصیلات طلب کرلیں اور باور کرایا کہ تقسیم کار کمپنیاں سوچ سمجھ کر شیڈول عدالت کو بتائیں ، عمل درآمد نہ ہونے پر پکڑ ہو سکتی ہے، درخواست میں آئندہ سماعت 2 جون کو ہوگی۔

مزید : علاقائی