آبنوشی اور صفائی کے نظام میں بہتری لانے کا پختہ عزم کر رکھا ہے :عنایت اللہ

آبنوشی اور صفائی کے نظام میں بہتری لانے کا پختہ عزم کر رکھا ہے :عنایت اللہ

پشاور( سٹاف رپورٹر )خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اللہ نے کہا ہے کہ حکومت نے پشاور شہر کے علاوہ ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں آبنوشی اور صفائی کے نظام میں بہتری لانے کا پختہ عزم کیا ہوا ہے جس میں رتی برابر بھی کوتاہی یا تساہل برداشت نہیں کیا جائے گا۔یہ بات انہوں نے منگل کے روز لوکل گورننس سکول حیات آباد پشاور میں واٹر اینڈ سنیٹیشن سروسز کے سالانہ ترقیاتی پروگرام2017-18کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری بلدیات سید جمال الدین شاہ،سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ خضر حیات،کوآرڈینیٹر لوکل گورنمنٹ طاہرہ جبین کے علاوہ پشاور ،مردان،مینگورہ،ایبٹ آباد،کوہاٹ،بنوں اور ڈی آئی خان کے واٹر سروسز سنیٹیشن کے چیف ایگزیکٹیوز نے شرکت کی۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹیوز نے اپنے ریونیو ،اخراجات ،ضروریات اور مشکلات سے تفصیلی طور پر سینئر وزیر بلدیات کو آگا ہ کیا۔سینئر وزیر نے کہا کہ پشاور شہر کے علاوہ بڑے شہروں کی صفائی و ستھرائی اور وہاں کے لوگوں کو آبنوشی کی سہولیات مخلوط حکومت کا وژن ہے اور اس مقصد کے لئے حکومت اربوں روپے مختص کرے گی تاکہ صوبے میں نہ صرف خوبصورت ترین شہر بنیں بلکہ عوام کو صحت و میونسپل سروسز کی اعلیٰ اور معیاری سہولیات بھی میسر ہوں۔ عنایت اللہ نے متعلقہ چیف ایگزیکٹیوز کو ہدایت کی کہ وہ حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات پر سختی سے عمل کریں اور صفائی اور لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی ہر قیمت پر یقینی بنائیں تاکہ عوام کو اس ضمن میں کسی قسم کی شکایت کا موقع نہ ملے۔

مزید : کراچی صفحہ اول