اقلیتی علاقوں میں ترقیاتی کاموں کو مرکز یت حاصل ہے :گورنر سندھ

اقلیتی علاقوں میں ترقیاتی کاموں کو مرکز یت حاصل ہے :گورنر سندھ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ اسلام اقلیتیوں کے ساتھ اچھا برتاؤ کرنے کا درس دیتا ہے ، قیام پاکستان میں بھی اقلیتیوں کے تحفظ اور انھیں ہر شعبہ زندگی میں یکساں مواقعوں کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ، آج صوبہ میں بھی اقلیتیوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں اور انھیں مذہبی آزادی کی مکمل آزادی بھی حاصل ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں مسلم لیگ (ن) اقلیتی ونگ سندھ کے جنرل سیکریٹری کھیل داس کوہستانی سے ملاقات میں کیا ۔ ملاقات میں صوبہ میں اقلیتیوں کے مسائل ، اقلیتی علاقوں میں ترقیاتی کاموں سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ مرکزی حکومت کے منشور میں اقلیتی علاقوں میں ترقیاتی کاموں کو مرکزیت حاصل ہے حتیٰ کہ قانون ساز اداروں سینٹ ، قومی و صوبائی سمبلیوں میں بھی اقلیتوں کو مخصوص نشستیں حاصل ہیں تاکہ اقلیتی برادری اپنے مسائل کو قانون ساز اداروں میں نہ صرف آواز بلند کریں بلکہ ان کے حل کے لئے تجاویز بھی دیں سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملکی کی مجموعی آبادی کے 6 فیصد حصہ اقلیتیوں پر مشتمل ہے جن میں ہندو ، عیسائی ، سکھ ، بدھسٹ اور دیگر شامل ہیں جو ملکی تعمیر و ترقی میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں حکومت بھی ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے شب و روز کوشاں ہے ۔ ملاقات میں مسلم لیگ (ن) اقلیتی ونگ سندھ کے جنرل سیکریٹری کھیل داس کوہستانی نے صوبہ میں اقلیتی برادری کے مسائل کے حل میں بھرپور دلچسپی لینے پر گورنر سندھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتی برداری صوبہ کی معاشی ترقی اور خوشحالی کے لئے حکومت کے ساتھ ہے۔

مزید : کراچی صفحہ اول