افغان دارالحکومت کابل میں غیر ملکی سفارتحانے کے قریب خودکش حملہ ،80افرادجاں بحق ، پاکستان کے سفارتی عملے سمیت300 زخمی

افغان دارالحکومت کابل میں غیر ملکی سفارتحانے کے قریب خودکش حملہ ،80افرادجاں ...
افغان دارالحکومت کابل میں غیر ملکی سفارتحانے کے قریب خودکش حملہ ،80افرادجاں بحق ، پاکستان کے سفارتی عملے سمیت300 زخمی

  

کابل (ڈیلی پاکستان آن لائن ) افغان دارالحکومت کابل کے ڈپلومیٹک انکلیو میں صدارتی محل اورغیر ملکی سفارتحانے کے قریب خود کش کار بم حملے کے نتیجے میں80افراد جاں بحق جبکہ پاکستانی سفارتکاروں کے عملے سمیت 300 سے زائد زخمی ہو گئے ۔حملہ وزیر اکبر خان سٹریٹ میں ہواجہاں صدارتی محل اور غیر ملکی سفارتحانے قائم ہیں تاہم خودکش حملے کے بعد ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

افغان وزارت صحت کے مطابق دارالحکومت کابل کے ڈپلومیٹک انکلیو میں غیر ملکی سفارتحانے کے قریب کار میں نصب بارودی مواد سے خودکش حملہ کیا گیا جس میں 80افراد جاں بحق ہو گئے ، دھماکے کو رواں سال کا سب سے شدید نوعیت کا بلاسٹ قرار دیا جا رہا ہے جس میں پاکستانی سفارتکاروں کی رہائش گاہوں پر تعینات عملے اور صحافیوں سمیت300 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے جنہیں ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے ۔دھماکے کےبعد ہرطرف تباہی کے مناظر ہیں ۔

وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش کا کہنا ہے کہ دھماکا اس قدر زور دار تھا کہ اس کے نتیجے میں جانی نقصان کے ساتھ ساتھ 30سے زائد گاڑیاں بھی تباہ یا متاثرہوئی ہیں جبکہ غیر ملکی سفارتحانے کے ملحقہ بھارتی سفارتحانے کی تمام کھڑیاں بھی ٹوٹ گئیں ۔ اس کے علاوہ اس پاس کی عمارتیں بھی متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں تاہم دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے ہیں اور ڈپلومیٹک انکلیو کو کارڈن آف کر دیا گیاہے ۔

پاکستانی دفترخارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کابل دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خودکش حملے سے پاکستانی سفارتکاروں کی رہائش گاہوں کو بھی نقصان پہنچا ہے جبکہ سفارتکاروں کی رہائش گاہوں پر مامور عملے کے ارکان معمولی زخمی ہونے والوں میں شامل ہیں ۔پاکستان دکھ اور غم کی اس گھڑی میں افغان عوام کے ساتھ ہے۔

دھماکے کے بعد ریسکیو اور امدادی ٹیمیں بھی سفارتحانے کے باہر پہنچ گئی ہیں جو زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنے میں مصروف ہیں ۔دھماکے کے بعد کابل کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور عملے کو ڈیوٹی پر طلب کر لیا گیا ہے ۔

دھماکے کے بعد کی ویڈیو بھی دیکھیں۔

مزید : بین الاقوامی /اہم خبریں