پاکستان اور یو اے ای کے درمیان ہاکی کے کھیل کو فروغ دیا جائے گا
دبئی (طاہر منیر طاہر) سابق وزیر اور ہاکی اولمپک چیمپ¿ن چودھری اختر رسول نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں ہاکی کے کھیل کو مزید فروغ دینے کیلئے ایک ٹیم تشکیل دیں گے جس میں یہاں موجود پاکستانیوں میں سے ہاکی کے کھلاڑیوں کوٹیم میں لیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ اس وقت امارات میں ہاکی شوق سے کھیلی جا رہی ہے اور دن بدن مقبول ہوتی جا رہی ہے۔ جس میں مقامی اماراتی کھلاڑی بھی گہری دلچسپی لے رہے ہیں اور ہاکی کھیل رہے ہیں۔ چودھری اختر رسول نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے انہیں اختیار دیا ہے کہ وہ پاکستان کے ہر ضلع سے ہاکی کے کھلاڑی تلا ش کریں اور ایک اچھی ٹیم تیار کریں۔
اس سلسلہ کے تحت وہ امارات کا دورہ کر رہے ہیں اور امارات میں مقیم پاکستان کے ہاکی کھلاڑیوں کے ساتھ مل رہے ہیں۔ چودھری اختر رسول نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین تعلقات کو مزید خوش گوار اور مضبوط کرنے کیلئے ہاکی کے کھیل کا سہارا لیا جائے گا۔ اماراتی کھلاڑیوں کو بھی ہاکی ٹیم میں شامل کیا جائے گا اور یوں منجھے ہوئے کھلاڑیوں کی ایک اچھی ٹیم سامنے آسکے گی۔
چودھری اختر رسول کے ساتھ ہاکی کے ایک اور سابقہ کھلاڑی منظور جونیئر موجود تھے ۔ اس کے اعزاز میں ڈنر اور پریس کانفرنس کا اہتمام راجہ شاہد اقبال نے کیا تھا جبکہ اس موقع پر امارات میں مقیم پاکستانی ہاکی کے کھلاڑی اور پاکستانی کمیونٹی دبئی و امارات کے لوگ بھی موجود تھے جنہوں نے ہاکی کے کھیل کو فروغ دینے اور امارات سے ہاکی کے کھلاڑیوں کو منتخب کرنے کے فیصلہ کو سراہا اور خراج تحسین پیش کیا ہے۔ میز بان راجا شاہد اقبال نے کہا کہ امارات اور پاکستان کے مابین تعلقات کو مزید فروغ ایک ساتھ ہاکی کھیلنے سے بھی ملے گا۔