ٹی وی پروگرام کے دوران نوجوان نے اپنی محبوبہ کو شادی کی پیشکش کردی، لیکن پھر جو ہوا وہ کسی نے بھی تصور نہ کیا تھا

ٹی وی پروگرام کے دوران نوجوان نے اپنی محبوبہ کو شادی کی پیشکش کردی، لیکن پھر ...
ٹی وی پروگرام کے دوران نوجوان نے اپنی محبوبہ کو شادی کی پیشکش کردی، لیکن پھر جو ہوا وہ کسی نے بھی تصور نہ کیا تھا

  

سڈنی (نیوز ڈیسک) محبوبہ کو دھوم دھام سے شادی کی پیشکش کرنا مغربی معاشرے کی روایت بن چکی ہے لیکن آسٹریلیا میں ایک شخص کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کو دیکھتے ہوئے یہ کہنا درست ہوگا کہ یہ پیشکش اکیلے میں ہی کرلی جائے تو بہتر ہے۔

ڈیلی سٹار کی رپورٹ کے مطابق یہ افسوسناک معاملہ مشہور ٹی وی پروگرام ’فٹی شو‘ کے دوران پیش آیا جسے لاکھوں ٹی وی ناظرین نے براہ راست دیکھا۔ اس شو میں پیٹر نامی ایک شخص اور اس کی محبوبہ موجود تھے۔ پیٹر نے شو کے میزبان کو پیغام پہنچایا کہ وہ سٹیج پر آکر کوئی ضروری اعلان کرنا چاہتا ہے۔ جب شو کے میزبان نے اسے سٹیج پر بلایا تو اس نے اپنی محبوبہ کیتھرین کو بھی بلالیا۔ پھر وہ سب کے سامنے روایت کے مطابق ایک گھٹنے کے بل جھکا اور انگوٹھی پیش کرتے ہوئے اپنی محبوبہ سے پوچھا ’کیا تم مجھ سے شادی کرو گی؟‘ وہ محبت بھری نظروں سے اپنی محبوبہ کی جانب دیکھ رہا تھا لیکن وہ بیچاری شدید پریشان اور بوکھلائی ہوئی نظر آرہی تھی۔ کچھ دیر وہ اضطراب کی حالت میں اسے دیکھتی رہی اور پھر ’نہیں، نہیں‘ کہتی ہوئی سٹیج سے بھاگ کھڑی ہوئی۔ چند لمحے پہلے تک جو حاضرین تالیاں بجارہے تھے اور خوشی کا اظہار کررہے تھے وہ بھی یہ صورتحال دیکھ کر دم بخود رہ گئے۔ ہال میں گہری خاموشی چھاگئی اور صرف کیتھرین کی ’نہیں، نہیں‘ کی آواز گونج رہی تھی۔

اس موقع پر پیٹر کی حالت زار دیکھنے سے تعلق رکھتی تھی۔ اس کے حواس کچھ سنبھلے تو اس نے فوری طور پر اپنے والد کو فون ملایا کیونکہ اسے یاد آیا کہ وہ گھر والوں سے کہہ کر آیا تھا کہ اس پورے شو کی ریکارڈنگ کریں کیونکہ اس کے دوران وہ اپنی زندگی کا خوب صورت ترین کام کرنے والا تھا۔ بدقسمتی سے کیتھرین کے غیر متوقع ردعمل نے اسے پیٹر کی زندگی کا بدترین لمحہ بنا دیا جو ڈراﺅنا خواب بن کر عمر بھر اس کا تعاقب کرتا رہے گا۔

مزید : ڈیلی بائیٹس