زائچہ گھر۔۔مخفی علوم سے علاج
چائنہ میں نوکری
محمد معظم سعید ۔ ملتان
سوال: کیا میرا ٹیچنگ کی نوکری کے لیے چائنہ جانا بہتر رہے گا؟ کیا میری پسند کی شادی ہو جائے گی اور کامیاب ہو گی یا نہیں؟
جواب: آپ کے زائچے کے تجزیے کے مطابق آپ کے لیے ٹیچنگ کا شعبہ بہتر رہے گا۔ آپ کی شخصیت اور ستارے درس و تدریس کے شعبہ سے ہم آہنگ ہیں۔ درس و تدریس کے شعبہ میں آپ کے لیے کامیابی ہے۔ پسند کی شادی کے امکانات بھی ہیں۔
شوہر کب سدھرے گا؟
اعماذ ملک ۔ لاہور
سوال: مجھے بتا دیں کہ میری اُولاد کب ہو گی اور میرے شوہر کا رویہ میرے ساتھ کب ٹھیک ہو گا؟
جواب: لگائے گئے زائچے کے مطابق آپ کے ساتویں گھر کو زحل نحس نظر کر رہا ہے۔ جس کی وجہ سے ازدواجی معاملات میں مشکلات و پریشانیاں آئیں گی۔ موجودہ دور کو صبر و تحمل اور روحانی تدابیر سے گزاریں۔ عمل جب زوجین کروائیں۔ انشاء اللہ بہتری ہو گی۔
نشہ کی بیماری
محمد اختر ۔ کراچی
سوال: میں طویل عرصے سے سگریٹ نوشی کرتا ہوں لیکن اب چرس بھی پینا شروع کر دی ہے۔ یہ میرے لئے بہتر نہیں ہے لیکن میں جب بھی پریشان ہوتا ہوں تو چرس پیتا ہوں۔ دن بدن میری صحت خراب ہوتی جا رہی ہے۔ گھر والے سخت پریشان ہیں۔ زائچہ بنا کر بتائیں کہ اس لعنت سے کب چھٹکارا حاصل کر سکوں گا؟
جواب: زائچہ میں خانہ صحت نحس خطرات کا شکار ہونے والا ہے۔ نیچچون کی کمزور حالت نشے کی عادت اور غیر عملی شخصیت کا باعث بنتی ہے۔ مایوسی گناہ ہے۔ حالات میں بہتری کے لیے رہائش بھی تبدیل کر لیں۔ نماز پنجگانہ خشوع کے ساتھ ادا کریں۔ نفسیاتی ماہر سے سائیکو تھراپی کروائیں۔ برج کے لحاظ سے صدقات دیں۔ فارغ بالکل نہ بیٹھیں۔ مثبت اور تعمیری کاموں میں حصہ لیں۔ مثبت سوچ رکھنے والوں سے مشاورت کریں۔ انشاء اللہ بہتری ہو گی۔
بیرون ملک سفر
وجہیہ صدیق ۔ لاہور
سوال: کیا میں مستقبل میں بیرون ملک جا سکوں گی؟
جواب: لگائے گئے زائچے کے مطابق آپ کے زائچے میں بیرون ملک سفر کے امکانات ہیں۔ لیکن موجودہ وقت آپ کے لیے بہتر نہیں ہے۔ زائچے میں اس وقت کیتو کی مہادشا چل رہی ہے۔ یہ دور 19-09-2018 تک رہے گی۔ اس کے بعد آپ کو زہرہ کی مہادشا لگے گی۔ موجودہ دور میں محتاط ہو کر چلیں اور مکمل روحانی تدابیر اختیار کریں۔ انشاء اللہ بہتری ہو گی۔
یورپ جانا چاہتا ہوں
مسیب رضا ۔ سیالکوٹ
سوال: میری شادی کب ہو گی؟ اور مستقبل میں آسٹریلیا یا کسی یورپ ملک جانے کا امکان ہے یا نہیں؟
جواب: آپ کے زائچے میں شادی کے امکانات واضح ہیں۔ کوئی ذاتی کوتاہی نہ ہو تو شادی جلد ہو سکتی ہے۔ بیرون ملک سفر کے بھی امکانات ہیں۔ شادی اور سفر میں کامیابی کے لیے اپنا مبارک نگینہ عقیق یمنی پہنیں۔ انشاء اللہ بہتری ہو گی۔
زائچہ بنادیں
ثاقب ریاض ۔ لاہور
سوال: میرا زائچہ بتا دیں۔
جواب: آپ کے زائچے کے تجزیے کے مطابق آپ کا طالع پیدائش برج ثور ہے۔ حاکم سیارہ زہرہ ہے۔ طالع قمری آپ کا برج دلو ہے۔ طالع شمس برج جدی ہے۔ زائچہ میں اس وقت مہادشا زحل کی چل رہی ہے۔ یہ دور انتہائی نازک ہے۔ زحل کا اپنے ناقص برج میں ہونا مزید قمری و شمسی طالع کا زحل کی نحوست کا شکار ہونا؛ زندگی میں انتہائی پیچیدگیاں اور مشکلات کو ظاہر کرتا ہے۔ تفصیلات کے لیے اپنا مکمل زائچہ نکلوائیں اور مکمل روحانی تدبیر اختیار کریں۔
انشاء اللہ بہتری ہو گی۔
زحل کی ساڑھ ستی
راشد امین ۔ بھوئے آصل
سوال: میرا زائچہ بنا کر بتا دیں کہ میری غریبی اور بے روزگاری کب ختم ہو گی؟
جواب: آپ زحل کی ساڑھ ستی کا شکار ہیں۔ آپ کا قمری زائچہ زحل سے شدید متاثر ہے۔ یہ آپ کے کیریئر کے گھر بیٹھا ہے۔ کیریئر اور معاشی معاملات میں شدید مشکلات آئیں گی۔ حالات میں بہتری کے لیے مکمل روحانی تدابیر اختیار کریں۔ ہفتہ کے روز آٹھ سو گرام کالے چنے کا صدقہ کریں۔ طلسمات زحل بنوا کر پاس رکھیں۔ زحل کا ورد خاص یا فتاح یا رزاق کریں۔ ہر نماز کے بعد ورد خاص 33 مرتبہ اوّل و آخر درود شریف کے ساتھ پڑھیں۔ انشاء اللہ بہتری ہو گی۔
زائچہ اور شادی
محمد عمران ابرار ۔ ملتان
سوال: برائے مہربانی میرا زائچہ بنا کر بتا دیں کہ میری خاندان سے باہر شادی ہونے کے امکان ہیں یا نہیں؟
جواب: آپ کے زائچے کے تجزیے کے مطابق پسند کی شادی میں مشکلات ہیں۔ جس خاتون کو آپ پسند کرتے ہیں۔ اس کا ظاہر و باطن کا فرق ہے۔ لہٰذا خصوصی محتاط رہیں اور جذباتی فیصلوں سے محتاط رہیں اور خاندان میں شادی کریں۔
لکی سٹون
محمد عثمان علی ۔ لاہور
سوال: برائے مہربانی میرا زائچہ بنا دیں اور میرا لکی سٹون بھی بتا دیں۔
جواب: آپ کا طالع پیدائش برج عقرب ہے۔ حاکم سیارہ مریخ ہے۔ طالع میں راہو بیٹھا ہے اور انتہائی نحس بیٹھا ہے۔ اس راہو کیتو کی نحوست سے آپ ساری زندگی پریشان ہوتے رہیں گے۔ ابھی آپ راہو اور زحل کی نحوست کا شکار بھی ہیں۔ جس کی وجہ سے معاملات زندگی میں مشکلات و پریشانیاں آئیں گی۔ طبیعت میں بے چینی، انتشاری کیفیت۔ کاموں میں رکاوٹ اور ذہن شیطانی خیالات کی آمجگاہ بنا رہے گا۔ لہٰذا خصوصی محتاط رہیں اور مکمل روحانی تدبیر اختیار کریں۔ مبارک نگینہ نیلم ہے۔
شادی
محمد احسان اللہ ۔ سرگودھا
سوال: میری شادی کب ہو گی؟ میرے دل کی پانچ حسرتیں ہیں وہ پوری ہوں گی یا نہیں؟ کوئی دولت میرے نصیب ہے کہ نہیں؟
جواب: آپ کے پیدائشی زائچے میں راہو کیتو کی نحوست ہے جس کی وجہ سے خواہشات کی تکمیل میں مشکلات آئیں گی۔ لہٰذا اپنے اتنے ہی ہاتھ پاؤں پھیلائیں جتنی آپ کی چادر ہے۔
زحل کی ساڑھ ستی
توصیف صادق ۔ جہلم
سوال: میرا زائچہ بنا دیں۔
جواب: لگائے گئے زائچے کے مطابق آپ کا حاکم سیارہ سرطان، طالع پیدائش برج سرطان ہے۔ طالعِ قمری آپ کا برج جدی ہے۔ طالعِ شمسی آپ کا برج ثور ہے۔ قمری طالع کے حوالے سے آپ زحل کی ساڑھ ستی کا شکار ہیں۔ مزید زائچے میں راہو کی مہادشا چل رہی ہے۔ راہو آپ کے زائچے میں باراہویں گھر بیٹھا ہے۔ جس کی وجہ سے خفیہ دشمنوں اور حاسدین کا شر بڑھے گا۔ کاموں میں مشکلات و پریشانیاں آئیں گی۔
گولڈن نمبر اور شادی
فہد علی ۔ پنڈی
سوال: مجھے میرے گولڈن نمبر، سٹار، شادی کے بارے میں بتا دیں۔ شادی خاندان میں ہو گی یا باہر؟ اور نوکری بیرونِ ملک ملنے کا چانس ہے یا نہیں؟
جواب: آپ کے زائچے کے تجزیے کے مطابق آپ کے باہر جانے کے امکانات نظر آ رہے ہیں۔ گولڈن نمبر (5, 13, 4) ہیں۔
زحل کی نحوست
محمد حسن علی ۔ منڈی بہاول دین
سوال: مجھے بتا دیں کہ میرا رزق پاکستان میں ہے یا بیرون ملک؟
جواب: آپ کے زائچے کے مطابق آپ قمری و پیدائشی زائچے کے حوالے سے زحل کی نحوست کا شکار ہیں۔ لیکن پیدائشی زائچے میں بیرون ملک سفر کے امکانات نظر آ رہے ہیں اور سیٹل منٹ میں مشکلات آ سکتی ہیں۔ لہٰذا مکمل صبر و تحمل اور روحانی تدابیر اختیار کرتے ہوئے سفر کی منصوبہ بندی کریں تو انشاء اللہ بہتری ہو گی۔
زائچہ
عدیل قیوم ۔ کوہاٹ
سوال: مجھے روزگار کب ملے گا؟ میرا زائچہ بھی بنا دیں۔
جواب: آپ کا طالع پیدائش برجِ جوزا ہے۔ زائچے میں اس وقت مہادشا مریخ کی چل رہی ہے۔ مریخ آپ کے زائچے میں کمزور ہے جس کی وجہ سے معاملات زندگی میں پریشانیاں آ سکتی ہیں۔ حالات میں بہتری کے لیے مکمل روحانی تدابیر اختیار کریں۔ لوحِ فتح نامہ بمعہ طلسمات زحل بنوا کر پاس رکھیں۔
مبارک ورد یا مالک یا قدوس
منگل کے روز گوشت اور سُرخ دال کا صدقہ دیں۔
انشاء اللہ بہتری ہو گی۔
( ایم اے شامی نقشبندی روحانی علوم سمیت علم نجوم ،علم الاعداد، دست شناسی ،علم الجفر کے ماہر ہیں،وہ کئی قومی اخبارات و جرائد میں کالم لکھ کر لوگوں کی رہ نمائی کرتے ہیں۔
اگر آپ کو بھی ایسے مسائل کا سامنا ہے تو اپنے کوائف اس پتہ پر ای میل کریں ،کوائف میں اپنا نام،تاریخ پیدائش،وقت پیدائش،شہر کا نام لازمی لکھیں۔جواب اس کالم مِیں باری آنے پر دیا جائیگا۔pakastrologer@gmail.com )