سپورٹس راؤنڈاپ

سپورٹس راؤنڈاپ

  

انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشنز نے ہاکی سرگرمیوں کی بحالی کی اجازت دے دی

انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشنزنے ہاکی سرگرمیوں کی بحالی کی اجازت دے دی۔ عالمی ادارہ برائے ہاکی نے تمام ممالک کے فیڈریشنز کو احتیاطی تدابیر کو یقینی بناتے ہوئے ہاکی کھیل کو ایک بار پھر سے بحال کرنے کی اجازت دے دی۔آئی ایچ ایف کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر کو یقینی بناکر ہاکی میدانوں کو آباد کیا جاسکتا ہے۔ ہاکی سرگرمیوں کے لیے ڈبلیو ایچ او کی ہدایات کے مطابق گائیڈلانز بھی فیڈریشنز کو بجھوائی گئی ہیں۔انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشنز نے زور دیا ہے کہ کھیل سے وابستہ ہر شخص کو میدان میں واپسی آنے کے لیے ان گائیڈلائنز پر پوری طرح عمل کرنا ہوگا، آفیشلز مصافحہ کرنے سے گریز کریں، ہینڈسینیٹائزز کا استعمال ہر صورت یقینی بنائیں، طبیعت ناساز ہونے پر میدان میں جانے سے گریز کریں۔

ثانیہ مرزا کی مزاحیہ ٹک ٹاک ویڈیو وائرل

قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا کی مزاحیہ ٹک ٹاک ویڈیو وائرل ہوگئی۔ بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے ٹک ٹاک پر مزاحیہ ویڈیو شیئر کی جسے مداحوں کی جانب سے پسند کیا جارہا ہے، ویڈیو میں وہ دھوپ کا چشمہ لگائی ہوئی ہیں۔ویڈیو میں ثانیہ مرزا سے کسی نے پوچھا کہ کیا آپ صبح 7 بجے اٹھ کر چہل قدمی کرتی ہیں، ایک شخص نے کہا کہ ہاں میں چہل قدمی کرتا ہوں، انہوں نے حیرانی کا اظہار کرکے دوبارہ پوچھا صبح 7 بجے۔ثانیہ نے اپنی پوسٹ میں کیپشن دیا کہ ’میں صبح اٹھنے کی عادی نہیں ہوں۔

ٹوکیو اولمپکس اگلے سال نہ ہوئے تو منسوخ کردئیے جائیں گے

صدر انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے کہا ہے کہ اگر ٹوکیو اولمپکس اگلے سال نہ ہوئے تو منسوخ کردئیے جائیں گے۔انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے صدر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث ٹوکیو اولمپکس ایک سال کے لیے ملتوی کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کوسمجھتا ہوں،3 سے 5 ہزار لوگوں کو کمیٹی ملازم نہیں رکھ سکتی، ہر سال کھیلوں کے مقابلوں کا شیڈول تبدیل کرنا ممکن نہیں ہوتا۔صدر انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے کہا کہ کھلاڑیوں کو غیر یقینی صورتحال سے دوچار بھی نہیں رکھا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ گیمز کے انعقاد کے لیے کورونا سے پیدا صورتحال اور اقدامات کو بھی ذہن میں رکھنا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہر طرح سے جائزہ لیں گے کہ 23 جولائی 2021 کو گیمز شروع ہوسکتے ہیں یا نہیں۔

ڈبلیو ڈبلیو ای ریسلر شاڈ گیسپارڈ ساحل سمندر میں نہاتے ہوئے لاپتہ ہوگئے

معروف ڈبلیو ڈبلیو ای ریسلر شاڈ گیسپارڈ ساحل سمندر میں نہاتے ہوئے لاپتہ ہوگئے۔سابق ڈبلیو ڈبلیو ای اسٹار شاڈ گیسپارڈ مرینہ ڈیل رے میں تیراکی کرتے ہوئے سمندر کی بے رحم موجوں کا شکار ہو کر لاپتہ ہوگئے۔لاس اینجلس کاؤنٹی فائر ڈپارٹمنٹ لائف گارڈ ڈویژن کا کہنا ہے شاڈ گیسپارڈ اپنے بیٹے کے ہمراہ سمندر میں نہاتے ہوئے گہرے پانی میں چلے گئے، لائف گارڈز گیسپارڈ کے بیٹے کو بچانے میں کامیاب رہے لیکن سابق ریسلر بے رحم موجوں کا شکار ہوگئے۔لائف گارڈ ڈویژن کا کہنا تھا کہ شاڈ گیسپارڈ کی تلاش کے لیے فوری طور پر ریسکیو کشتیاں طلب کی گئیں، غوطہ خوروں اور ہیلی کاپٹروں کے ذریعے سابق ریسلر کو تلاش کرنے کی کوشش کی گئی لیکن شام ساڑھے سات بجے تلاشی کا عمل روک دیا گیا۔لاس اینجلس کاؤنٹی فائر ڈپارٹمنٹ لائف گارڈ ڈویژن کی میرین ٹیکنیکل سرچ ٹیم نے اگلے روز مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجے ایک بار پھر تلاشی کا عمل شروع کیا لیکن انہیں کامیابی نہ مل سکی۔واضح رہے کہ شاڈ گیسپارڈ 2003 سے 2007 اور پھر 2008 سے 2010 تک ڈبلیو ڈبلیو ای سے وابستہ رہے لیکن وہ دسمبر 2016 میں اس وقت خبروں کی زینت بنے جب انہوں نے فلوریڈا کے ایک اسٹور میں مسلح ڈکیتی کو ناکام بنایا۔

کرونا وائرس،جرمنی میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ فٹبال لیگ کا اعلان

جرمنی کی حکومت لاک ڈاؤن کے بعد کرونا کا پھیلاؤ روکنے میں خاصی حد تک کامیاب ہوئی جس کے بعد ملک بھر میں لاک ڈاؤن میں نرمی کی گئی۔جرمن فٹبال لیگ ’بنڈسلیگا‘ نے 16 مئی سے فٹبال لیگ کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ایونٹ کے تمام میچز تماشائیوں کے بغیر ہوں گے اور اسٹیڈیم میں آفیشلز کے علاوہ کسی کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔رپورٹ کے مطابق بنڈسلیگا لیگ سیزن کا آغاز کرنے والی اْن بڑی لیگز میں سے ایک ہے جو کرونا کی شدت میں کمی آنے کے بعد باقاعدہ سرگرمیوں کا آغاز کررہی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لیگ 2019/2020 کے دوران مختلف ٹیموں کے مابین 26 میچ کھیلے جائیں گے، مقابلوں میں 18 ٹیمیں حصہ لیں گی۔جرمن فٹ بال لیگ کو اس وبائی مرض سے بچاؤ کے لیے جرمن جانسلر انجیلا مرکل اور دیگر 16 ریاستوں کے رہنماؤں کو تفصیلی حفاظتی انتظامات کا ایک غیرمعمولی منصوبہ پیش کرنا ہوگا۔بنڈ سلیگا کے چیف ایگزیکٹو افسر کرسچیئن سیفرٹ نے خبردار کیا ہے کہ لیگ کے مقابلوں کے دوران تماشائی اسٹیڈیم میں موجود نہیں ہوں گے، اس طرح کھیلے جانے والے میچ مختلف دکھائی دیں گے کیونکہ کھلاڑیوں کے نعرے خالی کرسیوں کے درمیان گونجیں گے۔انہوں نے بتایا کہ لیگ کے تمام میچز احتیاطی تدابیر کے ساتھ ہوں گے، کھلاڑیوں کو ایس او پیز پر عمل کرنا ہوگا، گول کی صورت میں کھلاڑی کہنیاں یا پاؤں ٹکرا کر خوشی کا اظہار کریں گے، اْن کے گلے ملنے یا ہاتھ ملانے پر بھی پابندی ہوگی۔اے ایف پی کے مطابق جرمن فٹ بال کلب ہرتھا برلن کے کوچ برونو لیباڈیا کا کہنا ہے کہ سیزن کی تیاری کے لیے انہیں صرف چند دن دیئے گئے، ایسی صورت میں کارکردگی کے بارے میں کچھ بھی کہنا مشکل ہے۔ انہوں نے صورت حال کو’اندھیرے میں پرواز’قرار دیا۔

پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے آن لائن باکسنگ چمپئن شپ منعقد کروانے کا اعلان کردیا

سیکرٹری جنرل کرنل ریٹائرڈ ناصر تنگ نے بھی کرونا وائرس کے باعث عید الفطر کے بعد آن لائن باکسنگ چمپئن شپ منعقد کروانے کا اعلان کردیا ہے۔ ان خیالات کا اظہارگذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ چمپئن شپ کا مقصد کھلاڑیوں کو کرونا وائرس کی وباء کے باعث صحت مندانہ سہولیات اور تربیت فراہم کرنا ہے، چمپئن شپ میں مختلف کیٹگریز کے مقابلے منعقد ہونگے جو ایک ہفتہ تک جاری رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ چمپئن شپ کے حوالے سے تمام متعلقہ صوبائی اور ریجنل ایسوسی ایشنز کے علاوہ منسلک اداروں کو بھی ہدایات جاری کردی گئی ہیں، عالمی کوالیفائینگ راؤنڈ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عالمی کوالیفائینگ راؤنڈ آئندہ برس مارچ یا اپریل میں منعقد ہوگا جس کے مقام کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ اس چمپئن شپ میں کھلاڑیوں کو تربیت کرنے کا موقع ملے گا اور اس کے ساتھ ساتھ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی عالمی کوالیفائینگ راؤنڈ کی تیاری کے سلسلہ میں تربیت کے لئے قازقستان بھیجنے پر بات چیت ہو رہی ہے اس سلسلہ میں قازقستان باکسنگ فیڈریشن کو بھی خط لکھا دیا گیا ہے اور کم از کم پانچ کھلاڑیوں کو تربیت کے لئے ضرور بھیجا جائیگا، ملک میں باکسنگ کے ٹیلنٹ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کرنل ناصر تنگ نے کہا کہ ملک میں باکسنگ کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ وسائل کی کمی ہے انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ دیگر کھیلوں کی طرح باکسنگ کے کھیل پر بھی توجہ دے تاکہ اس ٹیلنٹ کو بروئے کار لایا جا سکے، کرونا وائرس کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے باعث پوری دنیا کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا رہاہے اور کھلاڑی بھی گھروں تک محدود ہوکر رہ گئے ہیں اس لئے پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے آن لائن مقابلے منعقد کروانے کا فیصلہ کیا ہے جوکہ عید الفطر کے بعد آئندہ ماہ جون میں منعقد ہوگا۔

مائیکل جارڈن کے جوتے فروخت

باسکٹ بال لیجنڈ امریکا کے مائیکل جارڈن کے ابتدائی سیزن میں پہنے جوتے ریکارڈ قیمت 5 لاکھ 60 ہزار ڈالرز میں فروخت ہوگئے، 1985 میں مائیکل کے لیے ڈیزائن کئے گئے ”ائیر جارڈن“ نامی شوز کی نیلامی اس کی 35ویں سالگرہ کے موقع پر کی گئی۔باسکٹ بال لیجنڈ مائیکل جارڈن کے جوتے معروف کمپنی نے ائیر جارڈن کے نام سے 1985 میں ڈیزائن کیے، ایک جوتے کا سائز 13 اور دوسرے کا 13.5 پانچ ہے۔منتظمین کو توقع تھی کہ آن لائن نیلامی میں مائیکل کے استعمال شدہ اور آٹوگراف والے یہ شوز ایک لاکھ سے ڈیڑھ لاکھ ڈالرز میں نیلام ہوں گے تاہم ان کی قیمت 5 لاکھ 60 ہزار ڈالرز لگی جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔اس سے پہلے اسی کمپنی کے 1972 میں بنائے ”مون شو“ نامی جوتے 4 لاکھ 37 ہزار پانچ سو ڈالرز کے فروخت ہوئے تھے۔

محمد آصف کی وزیر اعظم سے اسنوکر کلبزکھولنے کی اپیل

ورلڈ اسنوکر چمپئن محمد آصف نے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار سے اسنوکر کلبزکھولنے کی اپیل کی ہے۔ایک بیان میں محمد آصف نے کہا کہ ورلڈ چمپئن ہونے کے باوجود میرا ذریعہ معاش اسنوکر کلب ہے،تاہم مجھ سمیت اسنوکرسے وابستہ سب لوگ مشکلات کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسنوکر کلب کھولنے کی اجازت دی جائے، ہم ایس اوپی پر عمل کریں گے۔واضح رہے کہ عالمی وبا کوروناوائرس کے سبب دنیا بھر میں کھیلوں کی سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔

مزید :

ایڈیشن 1 -