ناکوں پر تعینات اہلکار کورونا ایس او پیزپر سختی سے عمل کریں، ڈی آئی جی آپریشنز
لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)ڈی آئی جی آپریشنز لاہور رائے بابر سعید نے کہاہے کہ لاہورپولیس کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر خدمات سرانجام دینے والے پولیس افسران و جوانوں کے لئے حفاظتی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ شہریوں کی حفاظت میں مصروف پولیس فورس کے لئے بھرپور حفاظتی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس ناکوں، تھانوں، قرنطینہ مراکز، کفالت سینٹرز پر حفاظتی سامان تقسیم کیا گیاہے۔
جبکہ پبلک ڈیلنگ مقامات پر تعینات پولیس ملازمین کو بھی حفاظتی سامان فراہم کیا گیا۔تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید نے بتایا کہ پولیس فورس میں اب تک 90ہزار سے زائد حفاظتی ماسک،12ہزار سے زائد سینیٹائزرز، 06ہزار سے زائد پرسنل پروٹیکشن اکوپمنٹ کِٹس،04 ہزار رین سیفٹی سوٹس،01لاکھ60ہزارجوڑی گلوز،11 سو حفاظتی عینکیں اور حفظان صحت کے لئے35ہزار سے زائد صابن تقسیم کئے جا چکے ہیں۔رائے بابر سعید نے کہا کہ فیلڈ ڈیوٹی اور پبلک ڈیلنگ کی وجہ سے پولیس فورس کو کورونا وائرس کے خطرات کا زیادہ سامناہے۔ انہوں نے کہا کہ ناکوں پر تعینات جوان کورونا ایس او پیز کے تحت حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل کریں۔