لاک ڈاؤن سے تنگ سکول اور شادی ہال مالکان سٹرکوں پر نکل آئے
لاہور (سٹی رپورٹر) لاہور میں واقعہ پرائیویٹ سکولوں کے مالکان نے گزشتہ روز کریم مارکیٹ علامہ اقبال ٹاؤن میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام احتجاج میں شہر کے نجی سکولوں کے مالکان نے شرکت کی اور پنجاب حکومت سے صوبے بھر میں نجی سکول کھولنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ نجی سکولوں کی بندش سے ان کے لئے یوٹیلٹی بلوں کی ادائیگی اور سکولوں کی عمارتوں کے کرائے کی ادائیگی سمیت اساتذہ کی تنخواہیں ادا کرنا مشکل ہوگیا ہے۔ جبکہ سکولوں کی بندش کی وجہ سے 20 لاکھ اساتذہ بے روزگار ہو کر رہ گئے ہیں، شادی ہالز اور مارکیوں کے مالکان نے اپنے کاروبار کی بندش کے خلاف ہفتے کے روز پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ جس میں شادی ہالوں کے مالکان کے ساتھ ساتھ ملازمین کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ حکومت نے جہاں تمام کاروبار کھول دئیے ہیں۔ انہیں بھی طے شدہ ایس او پیز کے تحت کام کرنے کی اجازت دی جائے۔ وہ شادی کی تقاریب میں مہمانوں کو کرونا سے بچاؤ کی ہر چیز فراہم کریں گے۔ انکا کہنا تھا کہ اربوں روپے کا ٹیکس دینے والے تین ماہ سے بھوکے ہیں۔