کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے مربوط حکمت عملی اپنائی جائے
لاہور (سٹی رپورٹر) برانڈرتھ روڈ الیکٹریکل ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر قاضی ندیم کھوکھر نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے چیلنج نمٹنے کے لئے پاکستان کو دو جہتی حکمت عملی اپنانی چاہئے یعنی مینوفیکچرنگ لاگت کو کم کیا جائے اور برآمدات کا حجم بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات کے حجم میں اضافے کا بہترین طریقہ برآمدی مصنوعات کو سستا اور مسابقتی بنانا ہے۔
جبکہ بجلی کے نرخوں میں کمی کرکے ہی یہ ممکن بنایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے گرمی کے موسم میں پانی کے بہا ؤمیں اضافے کی وجہ سے پن بجلی کا حصہ بڑھ جاتا ہے لہذا پالیسی سازوں کیلئے یہ ایک اچھا موقع ہے کہ وہ اس سے فائدہ اٹھا کر بجلی کے نرخوں میں کمی کا فیصلہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے نرخوں میں کمی سے معیشت کو متعدد فوائد حاصل ہوں گے کیونکہ اس سے پیداواری لاگت میں کمی آئے گی، مصنوعات سستی تیار ہوں گی، برآمدات کا حجم بہتر ہوگا، افراط زر میں کمی ہوگی اور معاشی سرگرمیوں کی رفتار تیز ہو گی جس سے مجموعی معیشت کی جلد بحالی ممکن ہوسکے گی۔