کورونا سے صحتیاب ہونے والے طبی عملہ نے دوبارہ ذمہ داریاں سنبھال لیں

کورونا سے صحتیاب ہونے والے طبی عملہ نے دوبارہ ذمہ داریاں سنبھال لیں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(جنرل رپورٹر)پرنسپل پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار الفرید ظفر اور ایگزیکٹوڈائریکٹر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز پروفیسر ڈاکٹر خالدمحمود نے بتایا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے مجموعی طور پر 54 ڈاکٹرز، 7 نرسز اور6 پیرامیڈکس کرونا وائرس سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔ صحت یاب ہونے والوں میں متعدد ملازمین نے بلا خوف و خطر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں اور اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت میں کوئی دقیقہ فر وگزاشت نہیں کیا جائے گا اور پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کی راہ میں ان کی ہمت کو کوئی چیز پست نہیں کر سکے گی۔

پروفیسر الفرید ظفر اور پروفیسر خالدمحمود نے صحت یاب ہونے والے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈکس کے جذبہ خدمت انسانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ طبی عملہ ان کی ٹیم کا مایہ ناز حصہ ہیں۔

اور انتظامیہ کو ان پر فخر ہے۔پرنسپل پی جی ایم آئی اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنز نے بتایا کہ ادارے میں فرائض سرانجام دینے والے ہیلتھ پروفیشنلز کو وافر حفاظتی کٹس فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے تمام سٹاف سے اپیل کی کہ وہ مریضوں کا علاج معالجہ کرتے وقت حفاظتی تدابیر لازمی اختیار کریں تاکہ وائرس سے خود بھی محفوظ رہیں اور مریضوں کے علاج معالجہ میں کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہلک وباء کے خاتمے تک طبی عملے کو حفاظتی اشیاء کی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔