سماجی رویوں میں تبدیلی سے ہی کورونا وباء کا خاتمہ ممکن ہو گا:عثمان بزدار

سماجی رویوں میں تبدیلی سے ہی کورونا وباء کا خاتمہ ممکن ہو گا:عثمان بزدار

  

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ سماجی رویوں میں تبدیلی سے ہی کورونا کاخاتمہ ممکن ہوگا،پنجاب میں بروقت اقدامات کی وجہ سے شرح اموات کا تناسب آبادی کے لحاظ سے کم ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان وزیراعلیٰ میں وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید احمدسے ملاقات کے دوران کیا،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، عمومی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ کورونا سے بچنا ہی نہیں بلکہ اسے ہمیشہ کیلئے ختم کرنا چاہتے ہیں اور اس مقصد کیلئے حکومت پنجاب تمام تر میسر وسائل بروئے کارلا رہی ہے جبکہ کورونا سے بچاؤ کیلئے ڈاکٹرز،ہیلتھ پروفیشنلز، پولیس اور دیگر ادارے سرتوڑ محنت کر رہے ہیں۔دریں اثناء وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار سے صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور،سیاسی اور عمومی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا جبکہ پنجاب اسمبلی کے آئندہ بجٹ اجلاس کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کورونا وبا کے باعث طرز زندگی بدل گیا لہٰذامعمولات زندگی میں تبدیلی وقت کا تقاضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت امتناع وباء آرڈیننس متعارف کراچکی،جس کا مقصد وباء کے دوران حکومتی اقدامات پر موثر عملدرآمد یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے ٹڈی دل پر موثر کنٹرول کیلئے عملی اقدامات کئے ہیں۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارنے مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے رہنما اور ممتاز عالم دین مولانا عبدالرشیدراشد ہزاروی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -