نواز شریف ایٹمی دھماکوں کے مخالف تھے:شیخ رشید،غلط بیانی نہ کریں:ظفر الحق

  نواز شریف ایٹمی دھماکوں کے مخالف تھے:شیخ رشید،غلط بیانی نہ کریں:ظفر الحق

  

لاہور (لیڈی رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ نواز شریف سمیت کابینہ کے دیگرارکان ایٹمی دھماکوں کے مخالف تھے، راجہ ظفر الحق، گوہر ایوب اور میں نے دھماکے کئے، اگلے 90 دن سیاست کیلئے بہت اہم ہیں، وزیراعظم آٹا چینی چوروں کو نہیں چھوڑیں گے۔لاہور میں شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہ بات کرنے کی ضرورت نہیں تھی لیکن اس لیے کررہا ہوں تا کہ آئندہ آنے والی نسلوں کو معلوم ہوجائے، جوہری طاقت کے حصول کیلئے ہر حکومت نے کام کیا لیکن اس وقت کابینہ میں صرف شیخ رشید، گوہر ایوب اور راجا ظفرالحق نے خطاب کر کے کابینہ کا رخ موڑنے کی کوشش کی۔جوہری دھماکوں کے موقع پر بیرونِ ملک موجودگی کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میری ڈیوٹی ایسی تھی کہ مجھے ملک سے باہر جانا تھا اور جن لوگوں کے پاس دھماکوں کا ڈیٹا تھا ان میں وہ بھی شامل تھے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو زرداریوں، گیلانیوں اور شریفوں نے لوٹا، پاکستان کا خون چوسنے والوں کو معاف نہیں کریں گے، آج بھی یقین رکھتا ہوں کہ کرپٹ عناصر کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کورونا کے بعد دنیا میں بہت زیادہ کشیدگی کے امکانات ہیں، پاکستان کی فوج نے بھارت کے 2 ڈرون گرائے۔شیخ رشید کا کہنا تھا مزید 5 ٹرینیں چلانے کافیصلہ کیا گیا ہے، وزیراعلیٰ سے درخواست کی ہے لاہور کو 3 کے بجائے 2 روز بند کیا جائے، 10 روز میں ایس او پیز کے تحت مسافر بٹھانے پر 5 کروڑ کا نقصان ہوا۔ انہوں نے کہا کورونا ملک میں زور پکڑ رہا ہے، ٹڈی دل کے وار بھی جاری ہیں، ہم نے کورونا کے ساتھ چلنا ہے۔دوسری جانب شیخ رشید کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے سینئر لیگی رہنما راجہ ظفر الحق کا کہنا تھا کہ ایٹمی دھماکوں کاکریڈٹ نوازشریف کوجاتاہے، نوازشریف سے ایٹمی دھماکوں کاکریڈٹ چھینانہیں جاسکتا۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا غلط ہے کہ نواز شریف نے مخالفت کی تھی، نوازشریف کی مرضی کے بغیردھماکے نہیں ہوسکتے تھے۔

رشید/ظفر

مزید :

صفحہ اول -