اقوام متحدہ خطے میں کشیدگی کی روک تھام،مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے کردار ادا کرے:پاکستان

  اقوام متحدہ خطے میں کشیدگی کی روک تھام،مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے کردار ...

  

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ خطے میں کسی بھی طرح کی کشیدگی کی روک تھام اور مسئلہ کشمیر کے پر امن حل میں اپنا کردار ادا کرے۔ وزیر خارجہ نے پاکستان کی مسلسل سیاسی اور سفارتی کوششوں کے تحت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے دوبارہ رابطہ کیا اور انہیں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریز کو مقبوضہ کشمیر اور علاقائی امن و سلامتی کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔انہوں نے خط میں عالمی برادری کی توجہ جموں و کشمیر کی تنظیم نو کے حکمنامہ 2020ء اور جموں و کشمیر اجرائے ڈومیسائل سرٹیفکیٹ قوانین 2020ء کے حوالے سے نئے نوٹیفکیشن کی طرف مبذول کروائی جس کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنا ہے۔خط میں کہا گیا کہ یہ اقدامات غیرقانونی ہیں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور خصوصاً چوتھے جنیوا کنونشن کے حوالے سے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ موقع پرست بھارت نے کورونا وائرس کے تناظر میں مقبوضہ کشمیر میں فوجی لاک ڈاؤن مزید سخت کر دیا ہے۔انہوں نے بھارت کے غیرقانونی تسلط اور مظالم کے خلاف کشمیریوں کی مقامی جدوجہد کو نقصان پہنچانے کی بھارتی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں دہشت گردی قرار دیا۔

پاکستان

مزید :

صفحہ اول -