عالمی ادارہ صحت سے علیحدگی پر ٹرمپ کیخلاف امیرکی طبی ماہرین سراپا احتجاج

  عالمی ادارہ صحت سے علیحدگی پر ٹرمپ کیخلاف امیرکی طبی ماہرین سراپا احتجاج

  

واشنگٹن(آئی این پی)امریکہ میں طبی ماہرین اور تجزیہ کاروں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے ایک بار پھر کورونا وائرس کی عالمی وبا ء کا چین کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) سے علیحدگی کے اعلان پر شدید غم و غصے اور تنقید کا اظہار کیا ہے۔ ایک روز قبل میڈیا سے گفتگو میں امریکی صدر نے الزام عائد کیا تھا کہ ڈبلیو ایچ او نے چین کے دباؤ میں آکر کورونا وائرس کا عالمی پھیلاؤ روکنے کیلئے بروقت ہنگامی اقدا مات سے گریز کیا۔واضح رہے کہ ٹرمپ گزشتہ چند ماہ کے دوران کئی بار یہ دھمکی دے چکے ہیں کہ امریکہ عالمی ادارہ صحت سے علیحدہ ہوجائیگا، تاہم گزشتہ روزانہوں نے اس فیصلے کا حتمی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ڈبلیو ایچ او کو دی جانیوالی امریکی فنڈنگ روکنے پر جو رقم بچے گی وہ صحت سے متعلق دوسرے اور زیادہ اہم امور پر خرچ کی جائیگی۔ٹرمپ کا مؤقف ہے کہ عالمی ادارہ صحت کو دنیا میں سب سے زیادہ فنڈنگ امریکہ سے ملتی ہے لیکن یہ ادارہ امریکہ کے بجائے چینی مفادات کا پاسدار بنا ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کورونا وائرس دنیا بھر میں پھیلانے کیلئے چین کو جوابدہ ہونا پڑیگا۔امریکہ میں طبی ماہرین کی تمام تنظیموں نے ٹرمپ کے اس اعلان پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج شروع کردیا ہے۔ علاوہ ازیں، بعض تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ عالمی ادارہ صحت سے علیحدگی کی صورت میں امریکہ ان مشترکہ کوششوں سے کٹ جائے گا جو دنیا بھر میں مختلف امراض کیخلاف کی جارہی ہیں، اس طرح نہ صرف امریکی حکومت بلکہ امریکی ادویہ ساز اداروں کو بھی شدید مالی و تجارتی نقصان کا سامنا ہوسکتا ہے۔امریکی تجزیہ نگاروں نے بھی ٹرمپ انتظامیہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین کو اس صورتحال کا سب سے زیادہ فائدہ پہنچے گا۔اس وقت امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثر اور ہلاک ہونیوالوں کی تعداد دنیا کے کسی بھی دوسرے ملک کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے جبکہ ٹرمپ انتظامیہ کو اس وبا کا پھیلاؤ روکنے میں ناکامی اور عام امریکیوں کے مسائل سے شدید غفلت برتنے پر کڑی تنقید کا سامنا ہے لیکن ڈونلڈ ٹرمپ مسلسل چین کو ان حالات کا ذمہ دار ٹھہرا رہے ہیں جبکہ قبل ازیں وہ امریکی میڈیا پر بھی ”جھوٹی رپورٹنگ“ کا الزام عائد کرچکے ہیں۔

امریکی طبی ماہرین

مزید :

صفحہ اول -