کورونا وائرس،این سی او سی کی تعلیمی ادارے اگست تک بند رکھنے کی سفارش

کورونا وائرس،این سی او سی کی تعلیمی ادارے اگست تک بند رکھنے کی سفارش

  

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے 15جولائی تک کورونا وباء عروج پر ہونے کے امکان کو مد نظر رکھتے ہوئے سفارش کی ہے کہ تعلیمی اداروں کو اگست تک بند رکھا جائے، این سی او سی نے چاروں صوبوں بشمول آزاد وجموں کشمیر اور گلگت بلتستان میں انڈسٹری سے منسلک کچھ دیگر شعبے کھولنے کیلئے صوبائی حکومت سے تجاویز اور آراء بھی مانگ لیں، جن کی روشنی میں دیگر صنعتیں بھی کھو لنے کی سفارشات کو حتمی شکل دی جائیگی۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقیات اور خصوصی اقدامات اسد عمر کی زیرصدا ر ت گزشتہ روز این سی او سی کا اجلاس ہوا۔جس میں کوویڈ 19 سے متعلق ”طویل مدتی بیماری“ کے عنوان سے طویل اور قلیل مدتی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔فورم نے کوویڈ19‘ معاملے پر بہتر پیغام رسانی اور عوامی رسائی کیلئے مواصلاتی حکمت عملی پر نظر ثانی کی ضرورت پر زور دیا۔وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے کہا نیگیٹو لسٹ میں شامل ریستورانٹ کو صر ف پارسل کی اجازت دی گئی ہے۔ شادی ہالز میں صرف مہمانوں کی محدود تعداد، ایک ڈش اور معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پیز) پر سختی سے عمل کیساتھ اجازت دی جائے۔ اسد عمر نے متعلقہ حکام کو ہدا یت کی کہ وہ موجودہ سال کی پہلی سہ ماہی میں کوویڈ 19کے اثرات کا جائزہ لیکر رپورٹ پیش کریں۔این سی او سی نے اس بات پر زور دیا کہ وفاقی کا بینہ کی منظوری کے بعدوزارت صحت کی تنظیم نو کی جائے۔فورم کو یہ بھی بتایا گیا کہ وبائی امراض کے بڑھتے ہوئے خطرے کو مد نظر رکھتے ہوئے وسائل میں اضافہ کیا جائے۔ کوویڈ 19کی تشخیص کیلئے صلاحیت کو6لاکھ 72ہزار تک بڑھایا جارہا ہے۔ وفاقی وزیر معاشی امور خسرو بختیار نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے مابین بہتر ہم آہنگی کیلئے قومی انٹیگریٹڈ مینجمنٹ سسٹم کو عمل میں لایا جائے۔ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا اگرچہ ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا لیکن خلاف ورزی کرنیوالوں کو کوئی سزا تجویز نہیں کی گئی۔اجلاس میں وزیر داخلہ بریگیڈئیر (ر) سید اعجاز احمد شاہ، وزیر قومی فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ فخر امام، معاون خصوصی اطلاعات و نشریات و چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر)عاصم سلیم باجوہ، معاون خصوصی قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف اور وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل پاکستان تانیہ ادریس نے بھی شریک تھیں۔

این سی او سی سفارش

مزید :

صفحہ اول -