مختلف شہروں میں تیز ہواؤں کیساتھ بارش،گرمی کا زور ٹوٹ گیا

  مختلف شہروں میں تیز ہواؤں کیساتھ بارش،گرمی کا زور ٹوٹ گیا

  

لاہور /کراچی /کوئٹہ (آئی این پی) پنجاب، بلوچستان کے مختلف شہروں سمیت گلگت بلتستان میں بارش اور تیز آندھی سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا جب کہ صوبہ سندھ کے کچھ علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ہنزہ میں گرمی میں اضافے کے ساتھ ہی شیسپر گلیشیر پگھلنے سے حسن آباد نالے میں پانی کی سطح اور بہاؤ میں اضافہ ہو گیا ہے۔ڈ ی ایم اے گلگت بلتستان کے مطابق گزشتہ 2 سالوں سے شیسپر گلیشیر کے سرکنے کا عمل جاری ہے اور گلیشیر کے اندر چھوٹی چھوٹی جھیلیں بھی بن گئی ہیں۔ڈ ی ایم اے گلگت بلتستان نے بتایا کہ پانی کے بہاؤ سے شاہراہ قراقرم کا تقریباً 50 میٹر کا حصہ اور زیر تعمیر بجلی گھر بھی بہہ گیا ہے، حسن آباد گاؤں کے 9 گھرانوں کو محفوظ جگہ منتقل کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلوں میں موسلا دھار بارش کے بعد ندی نالوں میں شدید طغیانی ہے۔ بلوچستان میں بھی ڈیرہ بگٹی کی تحصیل پھیلاوغ میں سیلابی ریلے میں گاڑی میں سوار 7 افرد بہہ گئے۔لیویز حکام کے مطابق سیلابی ریلے سے 3 افراد کی لاشیں اور 2 کو زندہ نکال لیا گیا، جاں بحق ہونے والوں میں دادا اور پوتا بھی شامل ہیں۔پنجاب میں فیصل آباد،گوجرہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، کمالیہ، ملتان جب کہ سندھ میں پڈعین میں ہونے والی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا جب کہ آندھی اور تیز بارشوں کے باعث ملتان، مظفرگڑھ اور رحیم یارخان اور دیگرعلاقوں میں بجلی معطل ہو گئی۔محکمہ موسمیات نے (آج) سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، میر پور خاص، حیدر آباد، دادو اور جیک آباد میں گرد آلود ہوائیں چلنے کے علاوہ بارش کا بھی امکان ہے۔

ملک میں بارش

مزید :

صفحہ آخر -