کورونا وبا سے نکلنے کیلئے ترقی پذیر ممالک مدد کریں،محسن عباس شاہ
جوہانسبرگ(فہیم شبیر سے)نل سپرٹ کی مشہورومعروف عوامی و سماجی شخصیت بابائے سیاست سید محسن عباس شاہ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک امتحان ہے،دنیا کو اس امتحان سے نکلنے کے لئے ترقی پذیر ممالک کی دل کھول کر مدد کرنا ہو گی،کیونکہ بہت سے ترقی پذیر ممالک لاک ڈاؤن سے تباہ ہو گئے ہیں،ان ممالک کے عوام کی حالت ایسی نہیں کہ وہ گھر بیٹھ گزارا کر سکیں،کورونا سے بچ نکلنے والے بھوک سے مر جائیں گے،صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سید محسن عباس شاہ نے کہا کہ ایسا ہی حال پاکستان،ایران اور دوسرے اسلامی ممالک کا ہے جہاں کے عوام پہلے ہی غربت کی چکی میں پس رہے ہیں،کورونا کی وجہ سے لاک ڈاؤن نے وہاں حالات مزید ابتر کر دئیے ہیں، ایسے حالات میں دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کو مل کر ترقی پذیر ممالک کی مدد کرنا ہو گی،وینٹی لیٹر اور ادویات کی قلت کو دور کرنا ہو گا،ان کے لئے خوراک کا بھی بندوبست کرنا ہو گا،سید محسن عباس شاہ نے مزید کہا کہ منصفانہ امداد کی تقسیم کے حوالے سے اقوام متحدہ بہترین پلیٹ فارم ہے جس کے ذریعے ہمیں کورونا کی وجہ سے تباہ حال غریب ممالک کی مدد کرنا ہو گی۔
محسن عباس شاہ