ریسکیو ہیڈکوارٹر میں ضلعی افسران کی کورونا مینجمنٹ کانفرنس کا انعقاد

ریسکیو ہیڈکوارٹر میں ضلعی افسران کی کورونا مینجمنٹ کانفرنس کا انعقاد

  

لاہور(پ ر)ڈائریکٹرجنرل پنجاب ایمرجنسی سروس)ریسکیو 1122 (ڈاکٹر رضوان نصیرکی زیر صدارت ریسکیو ہیڈ کواٹرز میں گزشتہ روز ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افسران کی کرونا ایمرجنسی مینجمنٹ کانفرنس منعقد ہو ئی جس میں کرونا ایمرجنسی کی حکمت عملی، کرونا کے مریضوں کی منتقلی، تدفین اور ضلعی ایمرجنسی افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ کانفرنس میں ذاتی حفاظتی آلات،کورونا ایمرجنسی رسپانس کٹس،ریسکیو عملے اور آلات کی مناسب ڈس انفیکشن،کورونامشتبہ تدفین پروٹوکول، ریسکیو انوینٹری مینجمنٹ سوفٹ ویئر کے ذریعے اسٹور آئٹمز کا سمارٹ استعمال اور ممکنہ سیلاب سے نبردآزما ہونے کیلئے کی جانے والی تیاریوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔کانفرنس میں تمام ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افسران کے علاوہ ڈپٹی ڈائریکٹر ہومن ریسورس ڈاکٹر فواد شہزاد مرزا،ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ فہیم احمد قریشی،ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس اعجازاحمد ورک،ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز ایاز اسلم،ڈپٹی ڈائریکٹر (آر&ایم) انجینئرتوحیدودیگر ہیڈ کوآٹرز وایمرجنسی سروسز اکیڈمی کے سینئرافسران نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر ضلعی ایمرجنسی افسران نے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر رضوان نصیر کو بریفنگ دی کہ کورونا ہنگامی صورتحال اور ریسکیورزنے کورونا مریضوں کی منتقلی، تدفین، عوامی مقامات کی تزئین و آرائش، راشن کی تقسیم، کورونا کے پھیلاؤ کو کم کرنے کے لئے احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگاہی ریسکیو ہیڈ کوارٹرز کے جاری کردہ رہنما خطوط کے مطابق دی۔ انہوں نے عملے کی حوصلہ افزائی اور اضلاع میں ایمرجنسی سروس کے معیار کو یقینی بنانے کے لئے ضلعی سطح پر کئے گئے منفرد اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ ہر ضلعی ہنگامی افسرنے ڈائریکٹر جنرل کو بڑے واقعات / ہنگامی صورتحال سے نمٹنے، گاڑیوں کی مرمت وبحالی، ریسکیورزکے فزیکل فٹنس ٹیسٹ، ریسکیو اسٹیشنوں، ہنگامی گاڑیوں کی صفائی ستھرائی اور ضلعی ایمرجنسی بورڈ کے اجلاسوں کے ذریعے کیے جانے والے حفاظتی اقدامات اور سروس کے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (SOPs) کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کیے گئے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر ڈی جی ریسکیو پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر کی زیرنگرانی ریسکیو ہیڈ کواٹرز کے شعبہ جات کے سربراہان نے ضلعی ایمرجنسی افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ ہیڈ آف سیفٹی ونگ محمد احسن نے کورونا سیفٹی کٹس کو دوبارہ قابل استعمال بنانے اورکورونا سے پاک کرنے کے طریقہ کار کاعملی مظاہرہ کیا اورشرکاء کوکورونا ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے عالمی ادارہ صحت کے مطابق سیفٹی کے رہنما اصولوں بارے بھی آگاہ کیا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی ریسکیوپنجاب نے سروس کے یکساں معیاری خدمات کی بلا امتیاز فراہمی کو یقینی بنانے پر زور دیا اور تمام ضلعی ایمرجنسی افسران کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ذاتی حفاظتی سازوسامان کے مناسب استعمال پر بھی زور دیا جس میں مناسب ڈوننگ اینڈ ڈوفنگ، دوبارہ قابل کورونا کٹس اور جوتے کو جراثیم سے پاک کرنے، فیس ماسک کی مناسب جانچ شامل ہیں۔انہوں نے مناسب ذاتی حفاظتی آلات کا استعمال کرتے ہوئے تمام شہریوں کو بروقت، معیاری اور پیشہ ورانہ ہنگامی خدمات کی بلا امتیازفراہمی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ ڈاکٹر رضوان نصیر نے کورونا میں اموات کی وجوہات کا روزانہ کی بنیاد پر تجزیہ کرنے پر زور دیا اور ضلعی ہنگامی بورڈ کے اجلاسوں میں اس کے روک تھام کے اقدامات کرنے کی ہدایتکی۔ انہوں نے پنجاب بھر میں 10ہزار کورونا مریضوں اور 605 مشتبہ کورونا تدفین کرنے پر تمام ضلعی عملے کی تعریف کی۔ انہوں نے پیشنٹ ٹرانسفر سروس کے ذریعے 7لاکھ43ہزار سے زیادہ مریضوں کو بڑے اسپتالوں میں منتقل کرنے اور موٹر بائیک ایمبولینس سروس کے ذریعے 5لاکھ سے زائد ایمرجنسیز کوبروقت رسپانس کرنے پر تمام ضلعی ایمرجنسی افسران کو بھی سراہا۔

قبل ازیں کانفرنس کے تمام شرکاء نے پی آئی اے طیارہ حادثے کے شہدا ء کیلئے دعا کی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندانوں کو صبر اور ہمت عطا کرے تاکہ اس ناقابل تلافی نقصان برداشت کرسکیں (آمین)۔ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ڈاکٹررضوان نصیر نے سابق ڈی جی پی ڈی ایم اے خالد شیردل کی خدمات کو بھی زبردست خراج تحسین پیش کیا جو طیارہ حادثے میں شہید ہوئے۔ ڈی جی ریسکیو پنجاب نے شہید خالد شیردل کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب ایمرجنسی سروس میں فلڈ ریسکیو ونگ کا قیام انہیں کی بے لوث مدد سے ممکن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ شہید خالد شیردل کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

مزید :

کامرس -