کبل میں خودکشی کا معمہ حل،قاتل بھائی نکلا
کبل(تحصیل رپورٹر)خودکشی کا معمہ حل۔موت قتل ثابت ہوئی۔خودکشی کا ڈرامہ رچانے والا بھائی قاتل نکلا۔کانجوپولیس کی بروقت کاروائی اور تفتیش سے معمہ اپنے انجام کو پہنچا۔قاتل سلاخوں کے پیچھے۔پولیس سٹیشن کانجو میں ڈی ایس پی بادشاہ حضرت خان، ایس ایچ او مجیب عالم خان،اے ایس آئی برکت علی، اے ایس آئی محمد علی، اے ایس آئی فضل ودود خان اور پولیس ٹیم کے ہمراہ پریس کانفرنس۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ایس پی بادشاہ حضرت خان اور ایس ایچ او مجیب عالم خان نے کہاکہ مورخہ 26مئی2020کو مستغیث فضل قیوم ولد قرانیس ساکن شوباڑی سیگرام تحصیل کبل نے سول ہسپتال کبل میں اپنے بیٹے مرحوم میاں قلیم خان کی بارہ بور بندوق کے ذریعے خودکشی کی رپورٹ درج کرائی۔ایس ایچ او پولیس سٹیشن کانجو مجیب عالم خان نے رپورٹ کی حقیقت پر شک کی بناء پراے ایس آئی برکت علی، اے ایس آئی محمد علی، اے ایس آئی فضل ودود خان اور دیگر ٹیم کے ہمراہ تفتیش آگے بڑھائی جو چند دن کے اندر اندر حقیقت پر منتج ہوئی۔انہوں نے کہاکہ مقتول کواس کے بھائی نصیب زادہ ولد فضل قیوم نے موزر رائفل سے فائر کرکے قتل کردیاگیا تھا جوکہ ملزم کی نشاندہی پر برآمد کرلیاگیا۔ملزم کو دفعہ 302کے تحت پابند سلاسل کرکے مزید کاروائی شروع کی گئی۔انہوں نے اس موقع پر عوام الناس سے اپیل بھی کی کہ انسانوں جانوں کے تحفظ اور بقا کی خاطر دروغ گوئی اور غلط بیانی سے گریز کیاجائے اور حقائق پر مبنی رپورٹ درج کرائے جائیں تاکہ قاتلوں کو قرار واقعی سزا دلواکر زندگیوں کا تحفظ یقینی بنایاجاسکے۔