زائد کرایوں اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 61ٹرانسپورٹروں کا چالان

زائد کرایوں اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 61ٹرانسپورٹروں کا چالان

  

پشاور(کرائم رپورٹر)سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے من پسند کرائے کے حصول اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 61 ٹرانسپورٹروں کا چالان کرتے ہوئے ہزاروں روپے قومی خزانے میں جمع کردیئے۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے مختلف سیکٹروں میں ناکہ بندیاں کی گئیں اس دوران شہریوں کو کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے آگاہی دی اور ان میں احتیاطی تدابیر پر مشتمل پمفلٹس تقسیم کئے گئے اور انہیں ہدایت کی گئی کہ وہ ہاتھ ملانے گلے ملنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور منہ ناک اور آنکھوں کو چھونے سے گریز کرنے سمیت صفائی کا خاص خیال رکھیں تاکہ یہ خطرناک وائرس با آسانی ختم ہو اور مزید قیمتی جانیں اس جان لیوا وائرس کا شکار نہ بنیں۔ مختلف سیکٹروں میں ناکہ بندیوں کے دوران شہریوں اور ٹرانسپورٹروں کی جانب سے لاک ڈان کی خلاف ورزی من پسند کرایوں کے حصول اور دیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ٹریفک حکام نے 61 افراد کا چالان کیا اور ان سے جرمانوں کی مد میں حاصل کئے گئے ہزاروں روپے قومی خزانے میں جمع کرادیئے گئے۔ ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل نے کہا ہے کہ شہری ٹریفک قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے محب وطن ہونے کا ثبوت دیں اور ٹرانسپورٹرز حکومت کی جانب سے مقرر کردہ کرایوں سے تجاوز نہ کریں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائیگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاک ڈان کی خلاف ورزی کرنیوالے اپنی جان اور عزیز و اقارب کا دشمن نہ بنیں اور حکومتی احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے گھروں تک محدود رہیں تاکہ اس جان لیوا وائرس کا خاتمہ ہو سکے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -