لیاری کے بچوں کو کھیلوں کی جانب راغب کریں گے، گورنرسندھ

لیاری کے بچوں کو کھیلوں کی جانب راغب کریں گے، گورنرسندھ

  

کراچی (این این آئی) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں، ان کو صحت مندانہ سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے عید پر لیاری کے بچوں کو کھلونا پستول دینا ایک نئی سازش کا حصہ لگتا ہے لیکن ہم لیاری کے بچوں کو کھیلوں کی جانب راغب کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز لیاری کے دورہ کے موقع پر کیا۔ لیاری کے دورہ کے دوران گورنرسندھ آزاد باکسنگ کلب گئے جہاں انہوں نے بچوں کو باکسنگ گلوز، فٹبال اور دیگر کھیلوں کا سامان بھی دیا۔گورنرسندھ 200 کرکٹ کٹس،500 فٹبالز اور 50 باکسنگ گلوز سمیت دیگر کھیلوں کا سامان بچوں کو دیا۔ اس موقع پراراکین قومی و صوبائی اسمبلی بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ لیاری میں ٹیلنٹ بہت زیادہ ہے یہاں کے نوجوان باصلاحیت ہیں ضرورت ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کی ہے اس ضمن میں بھرپور کوشش کریں گے کہ اس علاقہ سے ایک بار پھر باکسنگ اور فٹبال کے قومی سطح کے کھلاڑی مہیا کئے جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑی محنت سے لیاری میں امن بحال کیا ہے اب ہم اپنے بچوں کو منفی سرگرمی میں ملوث ہوتا نہیں دیکھ سکتے ہیں ہم ان بچوں کے ہاتھوں میں ہتھیار کی بجائے کتابیں اور کھیلوں کا سامان دیکھنا چاہتے ہیں اس کے لئے بھرپور تعاون اور مدد جاری رکھیں گے ان نوجوانوں کو مثبت سرگرمی کی جانب راغب کرنے کے لئے وزیراعظم پاکستان کے کامیاب جوان پروگرام سے بھرپور مالی مدد فراہم کی جائے گی۔ گورنرسندھ نے کہا کہ لیاری میں فٹبال، باکسنگ، سائکلنگ اور دیگر روایتی کھیلوں کے فروغ کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔گورنرعمران اسماعیل نے مزید کہا کہ لیاری کے عوام کے بھرپور تعاون کے باعث علاقہ کو گینگ وار، کلاشنکوف کلچر سے نجات ملی ہے۔ طیارہ حادثہ کے لواحقین کو لاشیں نہ ملنے پر پوچھے گئے ایک اور سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ ڈی این اے میں بہت احتیاط کرنا پڑتی ہے کوشش ہے کہ لواحقین کو جلد از جلد ان کے پیاروں کی لاشیں مل سکیں۔ ٹڈی دل حملہ اور وفاق کے اقدام کے حوالہ سے کئے گئے ایک سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ ٹڈی کے دل کے خاتمہ کے لئے وفاق پورے ملک میں یکساں اقدامات کررہا ہے اس ضمن میں صوبہ میں ٹڈی دل کے خاتمہ کے لئے اسپرے اور دیگر اقدامات یقینی بنائے جارہے ہیں

گورنرسندھ

مزید :

پشاورصفحہ آخر -