صوبے کی تیسری بڑی لیبارٹی،کورونا ٹیسٹنگ استعداد میں اضافہ ہوگا:تیمور جھگڑا

صوبے کی تیسری بڑی لیبارٹی،کورونا ٹیسٹنگ استعداد میں اضافہ ہوگا:تیمور جھگڑا

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر صحت تیمورسلیم خان جھگڑا نے ایم ٹی آئی خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں بائیو سیفٹی لیول 2 لیبارٹری کا باقاعدہ افتتا ح کیا۔اس موقع پر انھوں نے کہا کہ خیبر ٹیچنگ ہسپتال خیبر پختونخوا کا دوسرا بڑا ہسپتال ہے جہاں یہ لیبارٹری موجود ہے۔ پبلک سیکٹر ہسپتالوں میں یہ تیسری لیبارٹری ہے۔ وزیر صحت کا خیبر ٹیچنگ ہسپتال کی ٹیم نے خیبر مقدم کیا۔ وزیر صحت کے ہمراہ سیکریٹری برائے صحت سید امتیاز حسین شاہ بھی موجود تھے۔ وزیر صحت نے ہسپتال کے دیگر حصوں کامعائنہ کیااور کانفرنس روم میں خیبر ٹیچنگ ہسپتال کی ٹیم نے تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ کے دوران وزیر صحت کو ہسپتال میں درپیش مسائل سے آگا ہ کیا گیا۔ انھوں نے سیکریٹری ہیلتھ کوتزئین وآرائش پروجیکٹ کے لئے مختص 19.5 ملین روپے کے فنڈکو بھی جلد ازجلد جاری کرنے کے احکامات دیئے۔ بریفنگ کے دوران وزیر صحت کو IBPالاؤنس کے بارے میں بھی بتایا گیا جس پر انھوں نے یقین دہانی کرائی کہ یہ ایک اہم مسئلہ ہے اور اس کو جلد از جلد تمام ایم ٹی آئیز کے لئے یکساں طورپر حل کیا جائے گا۔ وزیر صحت تیمور سلیم خان جھگڑا نے خیبر ٹیچنگ ہسپتال کی ٹیم کی کاوشوں کو خصوصی طور پر سراہا اور ساتھ ہی فرنٹ لائن سولجرز کے کام اور جزبے کی بھی خصوصی تعریف کی۔ وزیر صحت نے PCR لیبارٹری کی استعداد کو بڑھانے کا وعدہ کیا اور سیکریٹری ہیلتھ کو اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات اُٹھا نے کی ہدایات جاری کیں۔ یہ بائیو سیفٹی لیول 2 PCRمشین صوبائی حکومت اور WHOخیبر پختونخوا چیپٹر کی مرہون منت ہیں۔اس بائیو سیفٹی لیول 2 لیبارٹری کی مرمت،تزئین وآرائش ہسپتال نے اپنے فنڈ سے کی۔اس لیبارٹری کی باقاعدہ ٹیسٹنگ اور انسپکشن نیشنل انسٹیٹوٹ آف ہیلتھ NIH، خیبر میڈیکل یونیورسٹی اور صوبائی حکومت کی بیرونی کوالٹی کنٹرول کے معائنہ کے بعد 25مئی 2020 کو منظوری دی گئی۔پاکٹ سنٹرل نامی یہ جدید ترین اور مکمل خودکار طریقے سے کام کرنے والی دومشینیں ہیں۔بیک وقت ایک مشین دو گھنٹوں میں 6 ٹیسٹ اور دونوں مشینیں 12 ٹیسٹوں کی صلاحیت رکھتی ہیں۔اس کے علاوہ یہ مشینیں کورونا کے ٹیسٹوں کے ساتھ ساتھ(ڈی اوکسی رائیبو نیوکلیک ایسڈ) DNAاور(رائیبو نیوکلیک ایسڈ) RNAوائرس کے ٹیسٹ بھی کر سکتی ہیں۔ ابتدائی مراحل میں یومیہ 50 سے 80ٹیسٹ کیے جا سکیں گے، جبکہ عنقریب اس کی استعداد کو مزیدبہتر کیا جائے گا۔خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں کورونا کے مریضوں کے لئے 55بستروں پر مشتمل طبی آلات سے لیس دو انتہائی نگہداشت آئسولیشن یونٹس مختص ہیں۔ہسپتال انتظامیہ کا ایک اور احسن قدم بورڈ آف گورنر کی منظوری کے بعد ہسپتال کے سٹاف کے لئے 30پرائیوٹ کمرے بھی مختص کئے اور ساتھ ہی ہسپتال میں داخل کورونا کے مریضوں اور آئسولیشن وارڈ میں ڈیوٹی سرانجام دینے والے عملے کو تمام بنیادی ضروریات جس میں ناشتہ، دوپہر اوررات کا کھانا وغیرہ شامل ہیں باقاعدگی سے فراہم کئے جارہے ہیں 

مزید :

صفحہ اول -