خرم شیرزمان کاڈاکٹرز اورطبی عملے میں کرونا پھیلنے پر تشویش کا اظہار

خرم شیرزمان کاڈاکٹرز اورطبی عملے میں کرونا پھیلنے پر تشویش کا اظہار

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیرزمان نے سندھ میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف میں تیزی سے کرونا پھیلنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر ڈاکٹرز اور پیدامیڈیکل اسٹاف میں کرونا کے کیسزمیں اضافہ ہورہا ہے اور سندھ حکومت ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھی ہے۔ پارٹی سیکریٹریٹ انصاف ہاوس سے جاری اپنے بیان میں خرم شیرزمان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت سندھ کو جان بچانے والے مسیحاوں کی کوئی پرواہ نہیں۔ ہسپتالوں میں اب تک ڈاکٹرز اور عملے کو حفاظتی کٹس اور دیگرحفاظتی اشیاء کی فراہم یقینی نہیں بنائی جاسکی۔ حکومت سندھ بتائے کہ صحت کے شعبے کے لئے مختص بجٹ اور کرونا وائرس سے بچاو کے لئے ملنے والی امداد اور سامان کہاں گیا؟۔حکومت سندھ ڈاکٹرز اور ہسپتال عملے کے ساتھ ساتھ عوام کی جان و مال سے بھی کھیل رہی ہے۔ خرم شیر زمان کامزید کہنا تھا کہ ہسپتالوں میں مریضوں کے لئے جگہ کم پڑ گئی ہے۔ حکومت سندھ نے اب تک نئے آئسولیشن سینٹرز قائم نہیں کئے۔ایسا معلوم ہوتا ہے کہ پورا محکمہ صحت آئسولیشن میں جاچکاہے۔ پیپلز پارٹی کی 12سالہ عجب کرپشن کی غضب کہانی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ ہم اب پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کوعوام کی زندگیوں سے کھیلنے نہیں دیں گے۔دنیا میں اتنی بڑی وباء پھیلی ہوئی ہے لیکن اس ایمرجنسی کی صورتحال میں ہمارے صوبے کی وزیر صحت کاکچھ اتا پتہ نہیں۔ صوبائی وزراء اور ترجمان روزانہ ٹی وی پر بیٹھ کرعوام میں خوف و ہراس پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم حکومت سندھ سے یہ بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ ہسپتالوں کی سیکورٹی میں اضافہ کیا جائے کیونکہ گزشتہ دنوں بھی کرونا سے جاں بحق مریض کے لواحقین نے ڈاکٹرز کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

مزید :

صفحہ آخر -