کورونا کیسز میں خطرناک حد تک اضافہ،ہسپتالوں میں گنجائش ختم ہو سکتی ہے:مرتضیٰ وہاب

کورونا کیسز میں خطرناک حد تک اضافہ،ہسپتالوں میں گنجائش ختم ہو سکتی ...

  

کراچی(آئی این پی) سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے آئندہ دنوں میں کورونا کیسز کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافے کا خدشہ ظاہر کردیا، عید کی چھٹیوں میں لوگوں نے احتیاط کا دامن چھوڑ دیا، اس سے کورونا کیسز کی تعداد آنے والے دنوں میں خطرناک حدتک بڑھ سکتی ہے۔انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ 10 سے 12 روز میں ہسپتالوں میں مریضوں کی گنجائش ختم ہوسکتی ہے۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ صورتحال بہتر لمحہ فکریہ ہے، مریضوں اور اموات میں اضافہ ہورہا ہے، ہلاکتیں بتارہی ہیں کہ صورتحال کتنی خطرناک ہے، لوگوں کی ترجیح نجی اسپتال ہے لیکن وہاں بھی گنجائش ختم ہوچکی ہے مگر سرکاری اسپتال میں کچھ گنجائش ہے اور وزیراعلیٰ گنجائش مزید بڑھانے کی کوشش کررہے ہیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ نیپا کراچی میں 200 بستروں پر مشتمل عارضی اسپتال بنارہے ہیں، کراچی یونیورسٹی کے پاس بھی جگہ دیکھی ہے جہاں 50 بستر لگائیں گے اس کے علاوہ لیاری اور جنرل اسپتال میں بھی بستروں کی تعداد بڑھارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جس طرح پچھلے 10 روز میں کیسز آئے سب کے سامنے ہیں، آج سے 10 روز پہلے 16 سے 17 افراد وینٹی لیٹرز پر تھے جو اب 40 سے 50 ہوگئے ہیں، آئی سی یو میں بھی مریضوں کی تعداد 40 سے 80 تک جا پہنچی ہے۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ملک بھرمیں 14روزکاسخت لاک ڈاؤ ن ہوجائے تو کافی حد تک قابو پاسکتے ہیں لیکن لگتا نہیں کہ وفاقی حکومت سخت لاک ڈاؤن کی طرف جائیگی البتہ این سی سی اجلاس میں تمام حقائق وزیراعظم کیسامنے رکھیں گے۔

مرتضیٰ وہاب

مزید :

صفحہ آخر -